فائل فوٹو۔۔۔

اسلام آباد : پاکستان پوسٹ معروف شاعر جون ایلیاء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ آج 8 نومبر کو جاری کرے گا جو ملک کے تمام بڑے پوسٹ آفسز میں فروخت کے لئے دستیاب ہو گا۔

جون ایلیاء ایک مشہور و معروف شاعر تھے۔ وہ14 دسمبر 1931ء کو امروہہ‘ ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام شفیق حسن ایلیاء تھا جو ایک تعلیم یافتہ شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ علمِ نجوم کے ماہر بھی تھے۔

جون ایلیا1957ء میں ہندوستان سے ہجرت کر کے پاکستان آئے اور کراچی میں قیام پذیر ہو گئے۔جون ایلیاء نے ایک تعلیم یافتہ خاندان میں آنکھ کھولی جہاں شاعری‘ فلسفہ‘ تاریخ اور مذہب سے متعلق موضوعات پر شب و روز بحث و مباحثہ کیا جاتا تھا۔

جون ایلیاء نے اگرچہ اپنے آپ کو اردو غزل کا ایک بہترین شاعر ثابت کیا لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے نظم‘ حمد‘ مرثیہ ‘ قصیدہ ‘ قوالی وغیرہ میں بھی اپنا نام منوایا۔

جون ایلیاء کو مختلف زبانوں پر کمال حاصل تھا۔ اردو شاعری میں اس کا بہترین استعمال کیا کرتے تھے۔ انہیں اردو کے ساتھ ساتھ فارسی ‘ عربی‘ سنسکرت پر عبور حاصل تھا۔

ان کا پہلا مجموعہ \" سیاحت\" 1991میں شائع ہوا۔ ان کی دوسری تصنیف \"Ya\'ani\" 2003ء میں ان کی وفات کے بعد شائع ہوئی۔8 نومبر2002ء کو طویل علالت کے بعد یہ عظیم شاعر اس دنیا سے کوچ کر گیا۔

پاکستان پوسٹ نے اس عظیم مفکر اور شاعر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو(آج)8نومبر2013ء کو شائع کیا جائے گا 8روپے مالیت کا یہ ڈاک ٹکٹ آج سے ہی ملک کے تمام بڑے پوسٹ آفسز میں فروخت کے لئے دستیاب ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں