سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی رائٹرز فائل فوٹو۔۔۔۔۔۔

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے این آر او عملدرآمد کیس میں سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کی پاداش میں عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کردی ہے۔

یاد رہے کہ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی لارجر بنچ نے 26 اپریل 2012 کو یوسف رضا گیلانی کو عدالت کے برخواست ہونے تک سزا سنائی تھی۔

جس کے بعد چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ایک آئینی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسی سزا کی بنیاد پرانہیں قومی اسمبلی سمیت عوامی نوعیت کے کسی بھی عہدے کے لئے پانچ سال کے لئے نااہل قرار دے دیا تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی لیکن اس میں سزا ئے قید کو چیلنج نہیں کیا گیا تھا۔

تاہم چند روز قبل فاضل عدالت نے انہیں سزا کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کیلئے سات دن کی مہلت دی تھی اور قرار دیا تھا کہ درخواست دائر ہونے کے بعد کیس کی سماعت کیلئے ان کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا جائے گا۔

جس کی روشنی میں سابق وزیراعظم نے گزشتہ روز نظرثانی کی درخواست دائر کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں