کھیل

پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں بہت مضبوط ٹیم ہے، گلین میکسویل

ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک بننے کے لیے پاکستان نے گزشتہ چندبرسوں میں بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی ہے، آسٹریلوی بلے باز
Welcome

آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں جس کا آغاز 24 اکتوبر کو ہوگا۔

گلین میکسویل کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس چیلنج کے لیے پرعزم ہیں، ہم نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان اور زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی لیکن فائنل میں پاکستان نے ہم سے بہتر کھیلا تھا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘امید ہے کہ ہم اپنی کارکردگی میں ایک قدم بہتری لاسکیں اور ٹورنامنٹ جیتیں’۔

دائیں ہاتھ کے بلےباز آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں سرفہرست پاکستان ٹیم کے خطرے سے بھی باخبر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا کے خلاف فتح، پاکستانی ٹیم نے نیا ریکارڈ بنا دیا

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان بالکل مضبوط ٹیم ہے اور انہوں نے عالمی نمبرایک بننے کے لیے چند برسوں میں بہت اچھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی ہے’۔

آسٹریلوی بلے باز نے کہا کہ ‘ہمیں اپنا کام مکمل کرنا پڑے گا، فخر زمان بہت ہی شاندار کھلاڑی ہیں ہیں اور خاص کر زمبابوے میں سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بہترین فارم میں دکھائی دیے تھے’۔

پاکستانی باؤلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ کسی ایک باؤلر پر انحصار نہیں کررہے بلکہ وہ متحد ہوکر ایک یونٹ کی طرح کھیلتے ہیں اس لیے ہمیں انہیں شکست دینے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا’۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 24 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا اور سیریز کا اختتام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید پڑھیں:آسٹریلیا کی ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجہ تنزلی

میکسویل کا کہنا تھا کہ ان کی 2014 میں پاکستان کے خلاف سیریز کی یادیں تازہ ہیں جہاں انہوں نے دوسرے ایک روزہ میچ میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو ہدف کے حصول میں مدد کی تھی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘متحدہ عرب امارات میں گراؤنڈ بہت خوب صورت ہیں، میں خوش قسمت ہوں کہ دبئی میں کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں، یہاں 2014 میں ایک روزہ میچ میں زیادہ رنز بنائے تھے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی چند وکٹیں لی تھیں’۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 33 کی اوسط اور 160 کی اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے میکسویل نے کہا کہ ‘امید ہے کہ ہم تماشائیوں کی اچھی تعداد جمع کرپائیں گے اور انہیں محظوظ کر سکیں گے’۔


یہ خبر 23 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی