آسٹریلیا کی ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجہ تنزلی

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
پاکستان کے ہاتھوں سیریز میں شکست کے بعد آسٹریلین کرکٹرز مایوس نظر آ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے ہاتھوں سیریز میں شکست کے بعد آسٹریلین کرکٹرز مایوس نظر آ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی ٹیم کی ٹیسٹ سیریز میں دو درجہ تنزلی ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم سیریز جیتنے کے باوجود ساتویں پوزیشن پر ہی موجود ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے محمد عباس کی 10وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو 373رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے خلاف فتح، پاکستانی ٹیم نے نیا ریکارڈ بنا دیا

یہ پاکستانی ٹیم کی کپتان سرفراز احمد کی زیر قیادت کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں پہلی فتح ہے۔

اس شکست کے ساتھ ہی سیریز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود آسٹریلین ٹیم دو درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

آسٹریلین ٹیم کے دو ریٹنگ پوائنٹس میں بھی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اس کے پوائنٹس کی تعداد 102ہو گئی ہے اور وہ اعشاریہ پوائنٹس کے فرق سے چوتھے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کے بعد پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں کرپٹ ترین بکیز بھارتی ہیں، آئی سی سی

دوسری جانب سیریز جیتنے کے باوجود پاکستان کی ٹیم بدستور عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہے لیکن اس کے پوائنٹس میں واضح بہتری آئی ہے۔

میچ اور سیریز میں کامیابی کی بدولت پاکستان نے قیمتی 7 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جس سے ان کے پوائنٹس 88 سے 95 ہو گئے ہیں اور وہ 97پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود سری لنکن ٹیم سے محض دو پوائنٹس پیچھے ہے۔

عالمی درجہ بندی میں بھارت 116پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کے 106 پوائنٹس ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے دی

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلیا پانچویں ، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں