کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پولیس کا کہنا ہے کہ کل بروز اتوار کو پاک افغان بارڈر کے قریب قمرالدین کے علاقے سے تین افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد میں پولیس نے تین افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، جبکہ رات گئے تک ان کے ناموں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

کچھ ذرائع کے مطابق ان لاشوں کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے ہے جن کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔

پولیس اب بھی ان افراد کی لاشوں کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے اور ماضی میں بھی بسوں پر ہوئے حملوں میں متعدد افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

اغوا اور قتل کے اس تازہ واقعہ کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروپ یا تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن سے بھی ایک پچیس سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جس کو سر اور سینے میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

بعد میں مقتول کی لاش کو کوئٹہ کے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں