ہزاروں افراد کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت

شائع January 11, 2014
پارٹی کی سربراہی اروند کیجریوال کررہے ہیں جو کہ ماضی میں ٹیکس کلیکٹر ہوتے تھے اور جنہوں نے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے—فائل فوٹو۔
پارٹی کی سربراہی اروند کیجریوال کررہے ہیں جو کہ ماضی میں ٹیکس کلیکٹر ہوتے تھے اور جنہوں نے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے—فائل فوٹو۔

نئی دہلی: ہندوستان کی نئی کرپشن مخالف جماعت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شمولیت اختیار کررہے ہیں تاکہ عام انتخابات سے قبل اس کے لیے حمایت حاصل کی جاسکے۔

عام آدمی پارٹی نئی دہلی ریاستی انتخابات میں گانگریس پارٹی کو شکست دینے کے بعد مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

سینئیر پارٹی رہنما گوپال رائے نے اے ایف پی کو بتایا 'رکنیت کے لیے چلنے والی مہم کے ابتدائی تین گھنٹوں کے دوران ہی ہمیں 50 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں۔'

پارٹی کی سربراہی اروند کیجریوال کررہے ہیں جو کہ ماضی میں ٹیکس کلیکٹر ہوتے تھے اور جنہوں نے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔ ریاستی انتخابات میں کامیابی کے بعد انہیں نئی دہلی کا وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا۔

مبصرین کا خیال ہے کہ جماعت کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ عام آدمی پارٹی ہندوستان کی دو سب سے بڑی جماعتوں، بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس، کے لیے خطرہ بن سکتی ہے اور عام انتخابات کے دوران اچھے نتائج برآمد کرسکتی ہے۔ پارٹی میں پہلے ہی نامور بنکر میرا سنیال اور ایئر لائن کے مالک گی آر گوپیناتھ شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

کیجریوال کا کہنا ہے کہ 26 جنوری تک پارٹی ایک کروڑ افراد کو رکن بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

رائے کا کہنا ہے کہ ریاستی انتخابات کے بعد 'لوگوں میں سیاست دانوں کو ایمانداری کے ساتھ کام کرتا دیکھنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ بہت سے لوگ پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور تبدیلی کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔'

خیال رہے کہ پانچ جنوری کو عام آدمی پارٹی نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

جماعت کے سینئر رہنما پراشانت بھوشن نے دو روزہ اعلیٰ سطحی پارٹی اجلاس کے بعد اس پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام انتخابات کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں جو کہ مئی میں ہونے جارہے ہیں۔

بھوشن کا کہنا ہے 'ہم زیادہ سے زیادہ ریاستوں اور زیادہ سے زیادہ نشستوں پر انتخابات لڑیں گے۔'

عام آدمی پارٹی نے گزشتہ ماہ دہلی کے انتخابات کے دوران دہلی کی 70 میں سے 28 نشستیں جیتی تھیں ۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025