لاہور: لاہور کی پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے لیے 1800 مقامات کا انتخاب کرلیا ہے۔

یہ منصوبہ کراچی کے بعد ملک میں اپنی نوعیت کا دوسرا سب سے پراجیکٹ ہے جس کا مقصد جرائم کی روک تھام، امن و امان کو برقرار رکھنا، اور ٹریفک کو کنٹرول کرنا ہے۔

مقامات کی نشاندہی اور انتخاب کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک ہے، تکنیکی امور پر کام کررہی ہے۔

افسران نے ڈان کو بتایا کہ 1800 میں سے 800 کیمروں کو خصوصاً جرائم کی روک تھام کے لیے نصب کیا گیا ہے جبکہ دیگر سیکورٹی اور ٹریفک کے زمرے میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم سے زیادہ متاثر ہونے والے 20 پولیس اسٹیشنز کو کیمروں کے لیے چنا گیا ہے جن کے داخلی اور خارجہ راستوں پر یہ نصب ہوں گے جبکہ ان سے دہشت گردی کی روک تھام، جرائم میں کمی اور مجرموں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔

افسران کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل علی عامر ملک اور سینئر سپرانٹینڈنٹ پولیس طارق نواز ملک صوبائی حکومت کی ہدایت پر اس منصوبے کی نگرانی کررہے ہیں۔

ڈی آئی جی رانا عبدالجبار کے مطابق ان کیمروں کے مقامات کا انتخاب انویسٹیگیشن ونگ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی روشنی کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے اضافی اسٹاف بھرتی کیا جائے گا جبکہ انہیں نیو یارک، انقرہ، سنگاپور اور استنبول جیسے شہروں کو مدنظر رکھ کر نصب کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں