مرنے کے بعد بھی مائیکل جیکسن کمانے میں مصروف

24 جون 2014
سینٹا مونیکا میںمائیکل جیکسن کے پرستاروں کی جانب سے منعقدہ ریلی میں ایک ڈانسر نے 'ایکس اسکیپ' کا پوسٹر اٹھا  رکھا ہے —۔ فوٹواے ایف پی
سینٹا مونیکا میںمائیکل جیکسن کے پرستاروں کی جانب سے منعقدہ ریلی میں ایک ڈانسر نے 'ایکس اسکیپ' کا پوسٹر اٹھا رکھا ہے —۔ فوٹواے ایف پی

لاس اینجلس : آنجہانی مائیکل جیکسن کے پرستار اس ہفتے پوپ گلوکار کی پانچویں برسی کے موقع پر اُن کی قبر پر پھول نچھاور کریں گے، جبکہ مائیکل جیکسن ان کارپوریشن کی معاشی صورتحال بھی اب بہتری کی جانب گامزن ہو رہی ہے۔

پچیس جون 2009 کو اپنی موت کے وقت پوپ میوزک کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن بینک دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے کوشاں تھے، اُس وقت وہ متعدد شوز کے ذریعے اپنی ڈوبتی ہوئی دولت کو بچانے میں مصروف تھے۔

لیکن مائیکل جیکسن کی موت کے بعد اُن کی والدہ اور بچوں کی جائیداد کے نگران ٹرسٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں ان کی جائیداد میں سات سو ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

پانچ برس کے عرصے میں مائیکل جیکسن کی جائیداد سے سات سو ملین ڈالرز کمائے گئے۔

اس بات کا انکشاف مائیکل جیکسن کی کاروباری ایمپائر پر لکھی گئی ایک کتاب 'مائیکل جیکسن ان کارپوریشن' میں کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کتاب کے مصنف زیک گرین برگ نے کہا کہ 'مائیکل جیکسن اپنی موت کے پانچ برس بعد اُس سے زیادہ دولت کما رہے ہیں، جتنی وہ اُس وقت کما رہے تھے جب وہ اپنے کریئر کی انتہا پر تھے'۔

بدھ کو لاس اینجلس میں فارسٹ لان سمٹری میں منعقدہ مائیکل جیکسن کی پانچویں برسی کی تقریب سے قبل ان کے پرستاروں نے ہفتے کو ایک بڑی ریلی نکالی، برسی کے موقع پر ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

اگر چہ مائیکل جیکسن کا بزنس کامیابی کی طرف گامزن ہے اور ان کے پرستار ترکہ میں اضافے پر خوشیاں منا رہے ہیں۔

تاہم گزشتہ کچھ برس ان کے خاندان کے لیے بہت مشکل ثابت ہوئے، جب انھیں نہ صرف مائیکل جیکسن کو کھونا پڑا بلکہ ان کی اتفاقیہ موت کے بعد بے شمار قانونی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

سب سے بڑا واقعہ وہ تھا جب مائیکل جیکسن کا علاج کرنے و الے ڈاکٹر کونرڈ مرے کا ٹرائل کیا گیا۔

ڈاکٹر پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ انھوں نے مائیکل جیکسن کو زیادہ تعداد میں خواب آور ادویات دی تھیں، جس کے باعث وہ موت کے منہ میں چلے گئے۔

ڈاکٹر مرے پر اس الزام کے ثابت ہو جانے کے بعد انھیں چار برس جیل کی سزا ہوئی اور گزشتہ برس اکتوبر میں دو سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد انھیں رہا کر دیا گیا۔

اس کے بعد مائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین کی جانب سے ٹور آپریٹر کمپنی اے ای جی لائیو پر سول عدالت میں مقدمہ دائر کردیا گیا۔

جس میں الزام لگا یا گیا تھا کہ کمپنی نے ایک نا اہل ڈاکٹر کو علاج پر مامور کر کے ان کے بیٹے کو موت کے منہ میں دھکیل دیا، تاہم جیوری نے ان دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔

امریکی پوپ گلوگار مائیکل جیکسن 25 جون 2009 کو انتقال کر گئے تھے—۔فوٹو اے ایف پی
امریکی پوپ گلوگار مائیکل جیکسن 25 جون 2009 کو انتقال کر گئے تھے—۔فوٹو اے ایف پی

مائیکل جیکسن کی دولت کے نگران اسٹیٹ کا بزنس گزشتہ پانچ برسوں میں تیزی سے نیچے کی جانب گیا تھا، اس اسٹیٹ کے سربراہان جون برانکا اور جون میک کلین ہیں۔

تاہم اب اس اسٹیٹ کی معاشی پوزیشن کافی مستحکم ہے۔

گرین برگ کے مطابق 'اگر اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو یہ سات سو ملین ڈالر سے زائد ہے اور اب تک کوئی زندہ آرٹسٹ بھی اس کے قریب قریب نہیں کما سکا ہے'۔

اپنی کتاب میں درج گرین برگ کے الفاظ کچھ یوں ہیں 'اس بات سے قطع نظر کہ پوپ دنیا کے بادشاہ کی روح اس وقت کہاں ہے، لیکن ایک بات بالکل یقینی ہے اور وہ یہ کہ مائیکل جیکسن ان کا رپوریشن زندہ ہے اور بہت اچھی طرح کام کر رہی ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں