زہرہ شاہد قتل کیس:دو ملزمان کا 7روزہ جسمانی ریمانڈ

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد ۔(فائل فوٹو)۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد ۔(فائل فوٹو)۔

کراچی: انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کیس میں دو ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

دونوں ملزمان کو جمعہ کے روز سخت سیکورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

ایک ملزم راشد عرف ماسٹر کو ایک ہفتہ قبل گرفتار کیا گیا تھا جبکہ دوسرے ملزم کو جمعرات کی شب ہی کلفٹن سے حراست میں لیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

زہرہ شاہد کو مئی 2013 میں ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی فیز4 میں ان کے گھر کے سامنے قتل کیا گیا تھا۔

گرفتار کیے جانے والے ملزمان میں سے 3 کو ایک ہفتہ قبل جبکہ ایک کو جمعرات کے روز حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے دو کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

ایک ہفتہ قبل جب تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا تو اس وقت ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا تھا کہ مشتبہ ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کا مرکزی ملزم جس کا تعلق حیدر آباد سے ہے اب ڈی ایچ اے میں رہائش پذیر ہے۔

غلام قادر تھیبو نے اس وقت ملزمان کے نام اور ان کا سیاسی تعلق بتانے سے گریز کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں