رمضان چھیپا کے 'اغواء' کی کوشش ناکام
کراچی:فلاحی ادارے چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ رمضان چھیپا کو اغواء کرنے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے، جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق رمضان چھیپا کے اغواء کی کوشش کا مقدمہ چھیپا ویلفیئر کے مینیجر کلیم کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں سہیل اور الیاس نامی دو بھائیوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
چھیپا ویلفیئر کے منیجر کلیم کا موقف ہے کہ دونوں ملزمان چھیپا ہیڈ آفس میں آکر رمضان چھیپا کو اغواء کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی۔
ذرائع کے مطابق ان دونوں بھائیوں کا صدر میں واقع ایک زمین کی ملکیت کے حوالے سے چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ سے تنازع چل رہا ہے اور یہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
پولیس نےملزمان کی گرفتاری اورشناخت کے لیے چھیپا ویلفیئرسے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج طلب کرلی ہے۔
چھیپا انتظامیہ کے مطابق انھوں نے اس سے قبل بھی پولیس کو ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی تھی ، لہذا وہ اب بھی پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے۔
دوسری جانب سربراہ رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی تمام تر سیکیورٹی اللہ پر چھوڑرکھی ہے اور انھیں امید ہے کہ پولیس ملزمان کو کیفرِکردار تک پہنچائے گی۔