عمران خان کا ریحام سے اسلام آباد میں نکاح

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2015
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ڈان نیوز کی اینکر ریحام خان کی شادی کے جوڑے میں تصویر۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ڈان نیوز کی اینکر ریحام خان کی شادی کے جوڑے میں تصویر۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان (بائیں) اور ڈان نیوز چینل کی اینکر پرسن ریحام خان—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان (بائیں) اور ڈان نیوز چینل کی اینکر پرسن ریحام خان—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

کراچی: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ڈان نیوز کی اینکر پرسن ریحام خان سے دوسری شادی کر لی ہے۔

عمران خان اور ریحام کا نکاح اسلام آباد میں بنی گالا میں ان کی رہائش گاہ پر مفتی سعید نے پڑھایا۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا نکاح آج ہے اور کل ولیمہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو ہونے والے سانحہ پشاور کی وجہ سے شادی کی تقریب انتہائی سادگی سے کی جا رہی ہے جبکہ ولیمہ بھی بنی گالا میں ہی ہو گا۔

مفتی سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حق مہر ایک لاکھ روپے رکھا ہے اور نکاح کی تقریب میں کوئی سیاسی شخصیت موجود نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے نکاح کے گواہوں میں سیف خان اور ذاکر خان شامل تھے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے عمران خان کو شادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا لیکن مولانا فضل الرحمان نے اس حوالے سے کوئی بھی بات کرنے سے گریز کیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کو شادی کی مبارکباد دی۔

بہنیں لاعلم

عمران خان کی بہنوں اور اہلخانہ نے شادی سے لاعلمی ظاہر کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بھائی کی شادی کی اطلاع میڈیا کے ذریعے ہوئی۔

اسلام آباد میں عمران خان تو ریحام خان کو اپنی شریک حیات بنا چکے ہیں لیکن کپتان کی بہنوں اور خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے نکاح کی تقریب میں عدم شرکت پر سب حیران ہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ وہ لاہور میں موجود ہیں اور انھیں بھائی کی شادی کی اطلاع ٹی وی چینلز سے ملی ہے۔

علیمہ خان نے اپنے بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران جہاں رہیں، خوش رہیں لیکن وہ شادی پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ڈان نیوز چینل کی اینکر پرسن ریحام خان کی شادی کی قیاس آرائیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ان کی شادی ایک نجی اور کم اہم معاملہ ہے۔

عمران خان کی شادی کے دعوت ناموں کو شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیےعطیات جمع کرنے کی غرض سے فروخت کیے جانے کی چند میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ جہاں تک انھیں علم ہے یہ ایک بہت نجی معاملہ ہے اور بڑے پیمانے پر شادی کے فنکشن یا کارڈز کی فروخت کی خبریں درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سانحہ پشاور کے تناظر میں دھوم دھام سے شادی کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ یہ خوشیاں منانے کا وقت نہیں ہے۔

شیریں مزاری نے نکاح کی تقریب آج یا کل منعقد کیے جانے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گرش کرنے والے نکاح نامے کے کاغذات سراسر جعلی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان اپنی شادی کے اعلان کے حوالے سے محتاط تھے کیوں کہ وہ اپنے بیٹوں کو پہلے بتانا چاہتے تھے۔ وہ اس وقت تک کچھ نہ کرتے جب تک اپنے بیٹوں سے بات نہ کرلیتے۔

دوسری جانب لاہورمیں تحریک انصاف کے ایک سینئر رہنما جہانگیر ترین نے بتایا کہ انھیں عمران خان کی شادی کی کسی بڑی تقریب کا علم نہیں ہے اور نہ ہی انھیں ایسی کسی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ 'البتہ مجھے یہ ضرورعلم ہے کہ شادی کے موقع پر مدرسوں میں کھانا کھلایا جائے گا'۔

'یہ مکمل طور پر ایک نجی تقریب ہوگی، حتیٰ کہ مجے بھی مدعو نہیں کیا گیا۔ پارٹی یہ بات سمجھتی ہے کہ یہ عمران کا ذاتی معاملہ ہے اور کسی کو بھی اس میں مداخلت کی اجازت نہیں ہے'۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ اسی ہفتے اپنی شادی کی خوشخبری سنائیں گے۔

مزید پڑھیں:اسی ہفتے شادی کی خوشخبری سناؤں گا: عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ شادی کوئی جرم نہیں، انسان جب چاہے کرسکتا ہے۔ 10 سال تک بچوں کی وجہ سےشادی کا سوچا بھی نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے اپنی دوسری شادی سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ انھیں شادی کے حوالے سے مناسب وقت کا انتظار ہے۔

عمران خان نے پہلی شادی جیمز گولڈسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈسمتھ سے کی تھی۔ تاہم 1990 کے وسط میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے والے عمران خان کو اپنی پہلی شادی کی وجہ سے مذہبی اور اعتدال پسند لوگوں کی جانب سے تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

عمران خان کی اپنی سابقہ بیوی جمائما خان کے ساتھ یادگار تصویر۔ فائل فوٹو رائٹرز
عمران خان کی اپنی سابقہ بیوی جمائما خان کے ساتھ یادگار تصویر۔ فائل فوٹو رائٹرز

عمران خان کی پہلی شادی نو سال برقرار رہنے کے بعد سال 2004 میں ٹوٹ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جمائمہ کی عمران خان کو شادی پر نیک تمنائیں

ان کی سابقہ شریک حیات جمائمہ خان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کے لیے دوسری شادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں امید ہے کہ عمران خان اپنے زندگی کے اس نئے دور میں خوش رہیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

asghar Jan 08, 2015 11:21pm
پشاور کے بچوں کے لہو کی سرخی کو دو آتشہ کرنے کے لئے عمران نے مہندی کی سرخی سجا لی کے پی کے کو تبدیلی بہت بہت مبارک ہو بالخصوص پشاور والوں کو کہ انہوں نے انہوں نے پشاور کے لوگوں کے خون میں اپنا خون شامل کرنے اور پشتونوں کی خاطر قربانیاں دینے والے باچا خان اور اے این پی کے بجاے عمران جیسے قوم کا "درد" رکھنے والے کو ووٹ دیا - آرمی پبلک اسکول کے متاثرین کو ، پشاور والوں کو اورکے پی کے والوں کو بالخصوص اور باقی پی ٹی آئ والوں کو با لعموم مبارک انکے لیڈر کی شادی کی شہید اعتزاز کے گھر والوں کو بھی مبارک