چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کی تجویز

01 اپريل 2015
۔ — اے ایف پی فوٹو
۔ — اے ایف پی فوٹو

لندن: انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ایس سی بی) کے نئے سربراہ کولن گریوس نے تصدیق کی ہے کہ وہ پانچ روزہ ٹیسٹ میچوں کو چار دنوں تک محدود کرنے کی تجویز پیش کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

مئی میں ذمہ داریاں سنبھالنے والے گریوس نے ایم سی سی ویب سائٹ سے گفتگو میں بتایا 'میرے ذاتی خیال میں ہمیں چار روزہ کرکٹ پر غور کرنا چاہیئے۔ ایسے میں روزانہ کھیل کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے اور چونکہ اب تقریباً تمام ہی میدانوں میں فلڈ لائٹس کا انتظام موجود ہے لہذا دن میں 105 اوورز کا کھیل ہونا چاہیئے'۔

انگلش بورڈ خود سے چار روزہ ٹیسٹ میچ متعارف نہیں کرا سکتا، لیکن وہ عالمی سطح پر تبدیلیوں کیلئے زور لگا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا 'تمام ٹیسٹ میچوں کو جمعرات سے شروع کیا جائے، کیونکہ جمعرات اور جمعہ کاروباری جبکہ ہفتہ ، اتوار اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کے دن ہیں'۔

'اخراجات کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو پانچواں دن ختم ہونے سے میدان اور براڈکاسٹرز کے بہت سے اخراجات بچ سکیں گے'۔

یاد رہے کہ یہ تجاویز پہلی مرتبہ رواں سال اس وقت سامنے آئیں جب انگلش بورڈ کی ایک اہم دستاویز مکمل ہونے سے پہلے ہی منظر عام پر آ گئی۔

گریوس اور نئے ای سی بی چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیرسن نے مستقبل میں انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ممکنہ 'انگلش پریمئر لیگ ٹی ٹوئنٹی مقابلے' کی تجاویز پر ابتدائی بات چیت بھی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں