سعودی عرب کو جوہری ہتھیار دینے کا امکان مسترد

اپ ڈیٹ 05 جون 2015
سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری۔ —. فائل فوٹو اے پی
سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری۔ —. فائل فوٹو اے پی

واشنگٹن: پاکستان نے سعودی عرب کو جوہری ہتھیار کی فراہمی کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

پاکستان کےسیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری جو آج کل واشنگٹن کے دورے پر ہیں، انہوں نے امریکی حکام سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان سعودی عرب یا کسی دوسرے ملک کو جوہری ہتھیار فراہم نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام یا جدید ٹیکنالوجی کسی دوسرے ملک کو فروخت یا فراہم کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

جمعرات کو سیکریٹری خارجہ نے وہائٹ ہاؤس، پینٹاگون اور امریکی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان کے جوہری پروگرام کا کسی دوسرے ملک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام صرف اور صرف ملک کی سلامتی کے لیے ہے۔

جوہری معاملے پر پاکستان کی سعودی عرب سے کسی قسم کی بات چیت کے امکان کو انہوں نے سختی سے مسترد کردیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار ’مشرق کی جانب سے پیدا ہونے والے خطرات‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے ہیں۔

یہ پاکستان کے دیرینہ حریف اور پڑوسی ایٹمی طاقت ہندوستان کی طرف ایک واضح اشارہ تھا۔

اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ پاکستانی جوہری ہتھیار شدت پسندوں سے محفوظ رکھے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں