گوئٹے مالا: مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتیں 186 ہوگئیں

07 اکتوبر 2015
ملبے سے لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے ... فوٹو: رائٹرز
ملبے سے لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے ... فوٹو: رائٹرز

گوئٹے مالا سٹی: گوئٹے مالا میں مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 186 ہوگئی.

سی این این کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکام کے مطابق ملبے سے 186 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 300 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

گوئٹے مالا کے پروسیکیوٹر رتمنین پیریز نے اعلان کیا ہے کہ تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تحقیقات کی جائیں گی کہ کون اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا ذمہ دار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گوئٹےمالا میں مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کا خدشہ

خیال رہے کہ گوئٹے مالا کے دارالحکومت سے 16 کلو میٹر دور ایل کیمبرے نامی علاقے میں 5 روز قبل مٹی کا تودہ گرا تھا جس سے پورا گاوں مٹی کے تودے تلے دب گیا تھا۔

ڈیزاسٹر ایجنسی کونریڈ کے سربراہ الین جانڈرو مالڈو ناڈو نے واقعے کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ تودہ گرنے سے 125 گھر تباہ ہوئے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق گوئٹے مالا کے نیشنل ڈزاسٹر ریڈکشن کمیشن (کونریڈ) کے مطابق 6 سال قبل 2009 میں ہی وارننگ جاری کی گئی تھی کہ مذکورہ علاقے کو خطرہ ہے۔

کونریڈ کے مطابق 2014 میں نومبر میں بھی مقامی انتظامیہ کو ایک اور وارننگ دی گئی تھی کہ دریا کی وجہ سے پہاڑ کا کنارہ کٹ رہا ہے جس کی وجہ سے علاقے کو خطرہ ہے۔

کونریڈ نے مزید کہا ہے کہ مٹی کا ایک تودہ گرا ہے جبکہ بارش کا پانی پہاڑ کی مختلف دراڑوں میں موجود ہے، جس سے مزید تودے گرنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں اکتوبر 2005 میں بھی پناباجی میں تیز بارشوں کے بعد مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پورا گاؤں تباہ ہوگیا تھا جبکہ واقعے میں سیکڑوں افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔

گوئٹے مالا میں نومبر 2012 میں 7.4 شدت کے زلزلے میں 48 ہلاک ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں