لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے دو مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکر جھنگوی کے چھ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ایک ترجمان کے مطابق کارروائی لاہور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جس کے نتیجے میں عمر ساجد جھنگوی، ہدایت اللہ اور محمد صادق کو کالج روڈ سے جبکہ انعام الحق، عطاءاللہ اور محمد یاسین کو بیدیاں روڈ سے گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: 'پولیس مقابلے' میں لشکرجھنگوی کے بانی رہنما ہلاک

گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے بتایا جارہا ہے۔

عمر ساجد جھنگوی احمد پور سیال ضلع جھنگ، محمد صادق لیاقت پور ضلع رحیم یار خان جبکہ ہدایت اللہ، انعام الحق، عطاءاللہ اور محمد یاسین لاہور کے رہائشی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’لدھیانوی اور اسحاق میں سخت اختلافات تھے‘

گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ لشکر جھنگوی کو پاکستان کی فرقہ وارانہ طور پر سب سے متشدد تنظیموں میں شمار کیا جاتا ہے جس پر 90 کے عشرے میں دیگر فرقوں کے افراد قتل کرنے کے الزامات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی سے گرفتار لشکر جھنگوی کا دہشت گرد لاہور منتقل

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایک دہائی قبل اپنے دور حکومت میں لشکر جھنگوی پر پابندی عائد کر دی تھی۔

پانچ ماہ قبل کالعدم تنظیم کے سربراہ صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر مظفر گڑھ میں ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے 2 بیٹوں اور 11 ساتھیوں ہلاک ہوگئے تھے.

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں تنظیم سے تعلق رکھنے والے ہارون بھٹی سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں