مینگورہ: سوات میں بچوں کے ریپ اور ویڈیو بنانے کے کیس کے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مقامی عدالت نے مرکزی ملزم اورنگزیب کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

مینگورہ پولیس کے ایس ایچ او اختر ایوب کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر اس کیس کے سہولت کار ہیں۔ سجاد اور عمر خالق کے نام سے شناخت کیے گئے ملزمان کو دوران تفتیش اورنگزیب کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔

اختر ایوب کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کرلی گئی جس کے ذریعے بچوں کو اغواء کیا جاتا تھا۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ایک اور گرفتاری بھی جلد ہی عمل میں آنے والی ہے کیونکہ پولیس ایک اور اہم ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا، 'اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ 2 افراد نے سوات کے مختلف علاقوں سے بچے اغواء کرکے ریپ کے لیے اسے فراہم کیے۔'

اورنگزیب کو ریمانڈ کے اختتام پر مینگورہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ عبیداللہ خان کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو مزید 2 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

یہ خبر 12 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

badtameez May 12, 2016 10:55am
sistem nakaarah hey kuch naheiyn hoga ---pakarh liya to kiya hoga???