فلپائن : تاوان نہ ملنے پر کینیڈین شہری کا سرقلم

14 جون 2016
جان ریڈس ڈیل  (دائیں) اور کینڈین شہری روبرٹ ہال (بائیں) ابوسیاف گروپ کی حراست میں تھے — فائل فوٹو/اے پی
جان ریڈس ڈیل (دائیں) اور کینڈین شہری روبرٹ ہال (بائیں) ابوسیاف گروپ کی حراست میں تھے — فائل فوٹو/اے پی

منیلا: فلپائنی حکام نے تصدیق کردی ہے کہ شدت پسند تنظیم ابوسیاف سے تعلق رکھنےوالے جنگجوؤں نے تاوان نہ ملنے پر دوسرے کینیڈین شہری کا بھی سر قلم کردیا۔

ابوسیاف ایک چھوٹی تنظیم ہے جس کا گڑھ فلپائن کے جنوبی جزائر میں پہاڑی علاقوں سے گھرے مضافاتی علاقے کو سمجھا جاتا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق تنظیم نے کینیڈین شہری روبرٹ ہال کی رہائی کیلئے 65 لاکھ ڈالر تاوان طلب کیا تھا اور اس کیلئے 13 جون تک کی ڈیڈلائن دی تھی۔

مقررہ وقت پر رقم نہ ملنے کے بعد شدت پسندوں نے روبرٹ ہال کو قتل کردیا۔ فلپائن کے صدارتی ترجمان ہرمینیو کولوما نے اپنے بیان میں کینیڈین شہری کے قتل کی پر زور مذمت کی۔

روبرٹ ہال گزشتہ 9 ماہ سے ابوسیاف کی قید میں تھا۔ فلپائنی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ ابوسیاف کے زیر اثر علاقے سے کینیڈین شہری کی لاش ملی ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ ابوسیاف نے روبرٹ ہال کو قتل کردیا ہے تاہم انہوں نے تاوان ادا نہ کرنے کے اپنے عہد کو بھی دہرایا۔

یاد رہے کہ روبرٹ ہال ان چار افراد میں سے ایک تھے جنہیں گزشتہ برس ستمبر میں سمل جزائر سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

رواں برس اپریل میں ابوسیاف نے مغوی کینیڈین شہری جان ریڈس ڈیل کو بھی تاوان نہ ملنے پر قتل کردیا تھا۔

روبرٹ ہال کی فلپائن سے تعلق رکھنے والی گرل فرینڈ میریٹس فلور اور ناروے کے شہری جارٹن سیکنگ اسٹیڈ کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں تاہم ابوسیاف نے ان دونوں کی رہائی کیلئے بھی تاوان طلب کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں