ایسا شاید ہی کبھی ہوا ہوگا کہ کوئی پاکستانی اداکار بولی وڈ کی فلم میں ڈیبیو کرے اور اس فلم پر پاکستان میں ریلیز پر پابندی عائد کردی جائے۔

تاہم پاکستانی اداکارہ مومل شیخ کی پہلی بولی وڈ فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ کو اس ہی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

سنسر بورڈ سے تعلق رکھنے والے ایک ذرائع کے مطابق فلم کافی مزاحیہ ہے لیکن کہیں نہ کہیں یہ پاکستان کے خلاف بھی ہے۔

مزید پڑھیں: فلم کی ریلیز میں تاخیر پر مومل شیخ پریشان

ذرائع کا مزید کہنا تھا ’اس فلم میں ایک سین ایسا ہے جس میں ایک کردار قائد اعظم کی تصویر کے نیچے کھڑا ہے اور کہتا ہے آپ کب تک ہم سے جھوٹ بلوائیں گے، اس سے صاف اندازہ ہوتا ہے کہ یہ قائد اعظم کو کہا گیا‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’فلم میں ایسے کئی مناظر ہیں جو پاکستان کے خلاف نظر آئے، ہمارے سیکیورٹی اداروں کی تضحیک کی گئی، اگر کوئی عام پاکستانی ان کو دیکھتا تو اس کا خون کھولتا‘۔

ذرایع نے مزید بتایا کہ ’ہم انٹرٹینمنٹ کو پروموٹ کرتے ہیں لیکن اس صورت میں نہیں جب ہمارے ملک کی تضحیک کی جائے، فلم میں موجود کچھ ڈائلاگ جیسے انڈیا کا نمک پورا پاکستان کھا رہا ہے ہمارے خلاف ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ ڈائریکٹر کا پاکستان سنسر بورڈ کو کھلا خط

سنسر بورڈ کے فیصلے کے بعد پاکستان میں تو سینما میں مومل شیخ کی فلم نہیں دیکھی جاسکی لیکن ہندوستان میں اس فلم کو ملا جھلا ردعمل موصول ہوا تاہم ہندوستانی تجزیہ کاروں نے مومل شیخ کی پرفارمنس کی تعریف کی۔

یہاں دیکھیں کہ ہندوستانی اخبارات مومل شیخ کی پرفارمنس پر کیا کہتے ہیں۔

دکن کرونیکل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر آپ کو اپنی انٹرٹینمنٹ کے لیے کوئی فلم دیکھنی ہے تو ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ اچھا انتخاب ہے۔

مومل شیخ کو فلم میں کچھ ہی سینز ملے لیکن وہ ان مناظر میں نہایت سٹائلش نظر آئیں، انہوں نے ابھے دیول کی منگیتر کا اچھا کردار نبھایا ہے۔

ایک اور ویب سائٹ بولی وڈ ہنگامہ نے لکھا کہ بولی وڈ میں ڈیبیو کرنے والی مومل شیخ نے اپنا کردار کافی مضبوطی سے ادا کیا، اس کے بجائے کہ ہیپی بھاگ جائے گی ان کی پہلی فلم ہے اور وہ نامور اداکاروں کے ساتھ کاسٹ کی گئی ہیں، انہوں نے اپنے کردار کو بہترین انداز میں نبھایا جو کہ تعریف کے قابل ہے۔

نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ہیپی بھاگ جائے گی بہت ہی مزاحیہ فلم ہے جسے پوری فیملی دیکھ سکتی ہے، مومل شیخ بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی پاکستانی اداکاراوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے فلم میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انڈین ایکسپریس کا کہنا تھا کہ فلم ہیپی بھاگ جائے گی میں سب سے بہترین اداکاری ابھے دیول نے کی ہے ، ساتھ ساتھ پاکستانی اداکارہ مومل شیخ جو کہ جاوید شیخ کی بیٹی بھی ہیں، نے اپنے اسٹائلش انداز کے ساتھ فلم میں کافی اچھا کام کیا ہے۔

فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں بولی وڈ اداکار ابھے دیول، جمی شیرگل، علی افضل اور ڈیانہ پینٹی نے مرکزی کردار ادا کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں