دپیکا کو ’پیکو‘ میں مجھ سے زیادہ معاوضہ ملا، امیتابھ

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2016
بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ دپیکا پڈوکون — فوٹو بشکریہ/ انڈیا ٹوڈے
بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ دپیکا پڈوکون — فوٹو بشکریہ/ انڈیا ٹوڈے

بولی وڈ میں طویل عرصے سے اپنی اداکاری سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والے معروف اداکار امیتابھ بچن کے بارے میں سب ہی یہ سوچتے ہوں گے کہ وہ اس وقت بولی وڈ میں سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والے اداکار ہیں تاہم حقیقت میں ایسا نہیں۔

بولی وڈ لائف کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے امیتابھ بچن نے دعویٰ کیا کہ ان کی گزشتہ سال ریلیز ہوئی فلم ’پیکو‘ میں دپیکا پڈوکون کو ان سے زیادہ معاوضہ دیا گیا۔

مزید پڑھیں: دپیکا کا 'نوے سال کا بچہ'

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون بولی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکارہ ہیں جن کا نام حال ہی میں فوربس کی فہرست میں شمار کیا گیا تھا۔

فلم ’پیکو‘ کی کہانی ایک ذمہ دار بیٹی اور اس کے والد پر مبنی تھی، واضح رہے کہ اس فلم کے لیے دپیکا پڈوکون کو کئی نامور ایوارڈز میں بہترین اداکارہ جبکہ امیتابھ بچن کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستانی نامور نیشنل ایوارڈز میں امیتابھ بچن کو تو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تاہم بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دپیکا کے بجائے کنگنا رناوٹ نے اپنی فلم ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کے لیے حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا کے نیشنل ایوارڈ پر بولی وڈ ناخوش؟

یاد رہے کہ فلم ’پیکو‘ کے بعد خبریں تھیں کہ دپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں اور یہ دونوں اداکار اب کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کریں گے۔

ان خبروں کی شروعات دپیکا پڈوکون کی جانب سے دی گئی ’پیکو‘ کی کامیابی کی پارٹی سے ہوئی تھی جس میں وہ غلطی سے امیتابھ بچن کو دعوت دینا بھول گئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: حقیقی زندگی 'پیکو' جیسی ہی ہے، دپیکا

اس کے بعد میڈیا میں خبریں تھیں کہ امیتابھ بچن دپیکا سے کافی ناراض ہیں اور یہ دونوں اداکار ایک ساتھ کام نہیں کریں گے تاہم امیتابھ بچن نے ایک ایونٹ کے دوران ان خبروں کو بے بنیاد ٹھراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دپیکا کے ساتھ آگے بھی ضرور کام کرنا چاہیں گے۔

اگر بات کام کے حوالے سے کی جائے تو دپیکا پڈوکون بہت جلد اپنی فلم ’پدماوتی‘ کی شوٹنگ کا آغاز کرنے جارہی ہیں جبکہ امیتابھ بچن اپنی فلم ’پنک‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو رواں ماہ 16 تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں