بلوچ لوک گلوکار بولی وڈ فلم ’مرزیا‘ کا حصہ

09 ستمبر 2016
سائیں ظہور اور اختر چنال زہری — فوٹو/ فائل
سائیں ظہور اور اختر چنال زہری — فوٹو/ فائل

پاکستانی لوک گلوکار سائیں ظہور کی بہترین آواز کے ساتھ اب ایک اور بلوچ لوک گلوکار اختر چنال زہری بھی بولی وڈ فلم ’مرزیا‘ میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

’بھاگ ملکھا بھاگ‘ اور ’رنگ دے بسنتی‘ جیسی کامیاب بولی وڈ فلموں کی ہدایات دینے والے راکیش اوم پراکاش مہرا فلم ’مرزیا‘ کو بھی ڈائریکٹ کررہے ہیں۔

ایشین ایج کی رپورٹ کے مطابق اس فلم کے لیے ہندوستان اور پاکستان سے کئی صوفی گلوکاروں کو شامل کیا گیا ہے، سائیں ظہور کی شمولیت کا اعلان کچھ عرصہ قبل کیا گیا تھا اور اب اختر چنال زہری بھی اس کا حصہ بن گئے۔

مزید پڑھیں: بیٹے کی پہلی فلم اور انیل کپور کی گھبراہٹ

فلم کا میوزک ہندوستانی گلوکار شنکر، احسان اور لوئے کمپوز کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’اختر بھائی کی آواز شاندار ہے جو افغانستان کی نمائندگی کرتی ہے‘۔

سائیں ظہور کی فلم میں شمولیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ’سائیں حقیقی معنوں میں اپنی موسیقی میں ڈوب چکے ہیں، انہوں نے 2006 تک کبھی اسٹوڈیو میں کوئی گانا ریکارڈ نہیں کروایا تھا، سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ جب آپ انہیں گانے کے بول بتائیں گے تو وہ لکھنے کے بجائے اسے تصاویر کی شکل میں یاد رکھتے ہیں، ان کے ساتھ کام کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے‘۔

ان کمپوزرز کو منفرد آوازوں کے مالک ان صوفی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنا ہے تاکہ ایک بہترین گانا سامنے آسکے۔

اس فلم میں انیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن کپور ڈیبیو کرنے جارہے ہیں جو ’مرزا‘ کا کردار ادا کریں گے، فلم میں اوم پوری اور سیمی کھیر بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

فلم ’مرزیا‘ رواں سال 7 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں