کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں سے اتوار کے روز گمشدہ ہونے والے 2 بچے مردہ حالت میں پائے گئے۔

گمشدہ ہونے والے دونوں بچوں کی لاشیں سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے انڈسٹریل پولیس اسٹیشن کی حدود سے برآمد کی گئیں۔

دونوں بچے ایک دوسرے کے دوست تھے، جن کی لاشیں احسن آباد کے قریب خادم حسین سولنگی گوٹھ اور اللہ رکھا گوٹھ سے برآمد ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: گمشدہ بچی کی لاش شادی ہال کے ٹینک سے برآمد

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کا کہنا تھا کہ دونوں میں سے ایک بچے کی موت، جس کی عمر تقریباً 10 سال تھی، شدید تشدد کی وجہ سے ہوئی جبکہ 12 سالہ دوسرے بچے کو رسی سے گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں بچے گزشتہ روز سہراب گوٹھ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع لاسی گوٹھ میں اپنے گھر سے دوپہر کے وقت نکلے اور پھر واپس نہیں لوٹے۔

مزید پڑھیں: کراچی: سی ویو کے قریب 24 سالہ لڑکی کی لاش برآمد

راؤ انوار نے کہا کہ بچوں کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے ان کے اہلخانہ نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی کوئی رپورٹ بھی درج نہیں کرائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں بچوں کا قتل اغوا برائے تاوان کا معاملہ نہیں ہے۔

پولیس حکام نے بچوں کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں