پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان تھمادیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مردان کے حلقہ پی کے 25 سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبیداللہ مایار ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کر رہے تھے، جس پر انہیں چالان کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹریفک وارڈن پولیس کے مطابق عبید اللہ مایار ڈرائیونگ کے دوران فون پر بات کر رہے تھے، جبکہ ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی فینسی تھی جس کے باعث انہیں چالان کے ساتھ تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور : پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا چالان کردیا گیا

اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث چالان کا سامنا کرنا پڑا۔

اکتوبر 2015 میں بھی پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امیر اللہ مروت پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: 90 فیصد ٹریفک حادثات ترقی پذیر ممالک میں...

امیر اللہ مروت نے ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہیں باندھا ہوا تھا، جس پر رکن اسمبلی کا 200 روپے کا چالان کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عمومی طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر حکمران طبقہ جرمانے یا چالان کی زد میں نہیں آتا البتہ بعض اوقات پولیس کی جانب سے بہادری کا مظاہرہ کرکے اعلیٰ طبقے کے افراد کے چالان کر دیئے جاتے ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

ahmak adamı Dec 30, 2016 07:36pm
NOORA KUSHTI FOR ELECTION 2018
yusuf Dec 30, 2016 10:46pm
Police is KPK looks changed