گول کیپر عمران کے ہیڈ کوچ پر الزامات، ہٹانے کا مطالبہ

07 فروری 2017
گول کیپر عمران بٹ نے ہیڈ کوچ پر ذہنی اذیت سے دوچار کرنے کا الزام عائد کیا— فائل فوٹو ڈان ڈاٹ کام
گول کیپر عمران بٹ نے ہیڈ کوچ پر ذہنی اذیت سے دوچار کرنے کا الزام عائد کیا— فائل فوٹو ڈان ڈاٹ کام

پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے ہیڈ کوچ خواجہ جنید پر کھیل اور کھلاڑیوں کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) سے انہیں فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا کو جاری مختصر ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے مجھ پر جان بوجھ کر گول کھانے کے بے بنیاد الزامات عائد کر کے ذہنی طور پر اذیت سے دوچار کیا اور کہا کہ میں غیرملکی فیڈریشنز سے منسلک ہونے کی وجہ سے پاکستان کی میچز میں شکستوں میں کردار ادا کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے جنید مجھے ذہنی اذیت سے دوچار رکھے ہوئے یہں اور میں پی ایچ ایف سے اپیل کروں گا انہیں کوچنگ سے ہٹائے کیونکہ وہ قومی کھیل اور کھلاڑیوں دونوں کو تباہ کر رہے ہیں۔

’میں پی ایچ ایف سے درخواست کروں گا کہ وہ ایسے کوچ کو ہٹائے کیونکہ وہ کھیل اور کھلاڑیوں کے دشمن ہیں‘۔

عمران کے الزامات کے جواب میں تاحال خواجہ جنید کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

تاہم پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے ایک آفیشل کے مطابق عمران نے متنازع وڈیو پیغام میڈیا کو بھیج کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور فیڈریشن گول کیپر کے خلاف ایکشن لے گی۔

یاد رہے کہ ماضی میں کئی دہائیوں تک دنیائے ہاکی پر راج کرنے والا پاکستان قومی کھیل میں مستقل زوال کی جانب گامزن ہے۔

قومی ٹیم ابتر کارکردگی کی وجہ سے تاریخ میں پہلی بار پہلے 2014 کے ورلڈ کپ اور پھر 2016 کے ریو اولمپکس تک رسائی میں بھی ناکام رہی۔

تبصرے (0) بند ہیں