رنبیر اور کترینہ کی فلم میں '29' گانے

10 فروری 2017
فلم 'جگا جاسوس' میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے جاسوس کا کردار ادا کیا ہے—۔فائل فوٹو
فلم 'جگا جاسوس' میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے جاسوس کا کردار ادا کیا ہے—۔فائل فوٹو

بولی وڈ فلموں میں گانوں کا رجحان وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جارہا ہے، 3 گھنٹے دورانیے کی فلموں میں تقریباً 5 سے 7 گانوں کو ضرور شامل کیا جاتا ہے، تاہم بہت جلد بولی وڈ کی ایک ایسی فلم سامنے آرہی ہے، جس میں 5 یا 10 نہیں بلکہ 29 گانے شامل کیے گئے ہیں۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ فلم اداکار رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی فلم 'جگا جاسوس' ہے، جس کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'جگا جاسوس' رنبیر اور کترینہ کی آخری فلم؟

فلم 'جگا جاسوس' کے ٹریلر میں بھی ڈائیلاگز سے زیادہ میوزک کو پیش کیا گیا تھا، جسے مداحوں نے خوب سراہا۔

فلم کے میوزک کمپوزر پریتم کے مطابق 'جگا جاسوس' میں 29 گانے شامل کرنا بھی اس کی کہانی کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'فلم میں رنبیر کپور اپنے ہر جذبے کو گانے کی صورت میں بیان کریں گے، اس فلم میں نہایت منفرد موسیقی شامل کی گئی ہے اور امید ہے کہ شائقین کو یہ بے حد پسند آئے گی، یہ ایک میوزیکل فلم ہے، جو طویل عرصے بعد مداحوں کو دیکھنے کو ملے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: ’جگا جاسوس‘ کی شوٹنگ میں مشکلات نہیں، رنبیر

خیال رہے کہ فلم 'جگا جاسوس' میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے جاسوس کا کردار ادا کیا۔

گزشتہ سال دونوں اداکاروں کے بریک اپ کے بعد یہ ان کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی، جس کی پروموشنز کا جلد آغاز کیا جائے گا۔

انوراگ باسو کی ہدایات میں بننے والی فلم 'جگا جاسوس' رواں سال 7 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں