کابل: انسانی حقوق کے ادارے ہیومن رائٹس واچ نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کے انخلاء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کو اس انخلاء میں سہولت فراہم کرنے میں ملوث قرار دے دیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 76 صفحات پر مشتمل 'پاکستانی دباؤ، اقوام متحدہ کی مدد: افغان مہاجرین کی جبری واپسی' کے نام سے شائع کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں افغان باشندوں کو پاکستان سے وطن واپسی پر مجبور کیا جارہا ہے جس سے ان افراد میں غربت، بیروزگاری اور انتشار کی شرح میں اضافہ ہوگا اور یہ اُن 5 لاکھ سے زائد متاثرین کا حصہ بن جائیں گے جو افغانستان میں موجود ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ میں محقق گیری سمپسن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'کئی دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کے بعد 2016 کے دوران پاکستان کی جانب سے حالیہ دور میں دنیا کے سب سے بڑا مہاجرین مخالف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا تاکہ ان پر واپس جانے کے لیے دباؤ ڈالا جاسکے۔

رپورٹ میں شامل 26 سالہ افغان شخص، جسے اپنی بیوی اور 2 بچوں کے ہمراہ کابل جانے پر مجبور کیا گیا، کے بیان کے مطابق 'چونکہ پاکستان کی جانب سے دھمکانے اور بدسلوکی کرنے کے خلاف اقوام متحدہ کا مہاجرین کے لیے کام کرنے والا ادارہ (یو این ایچ سی آر) عوامی طور پر سامنے نہیں آیا لہذا بین الاقوامی ڈونرز اس معاملے پر پاکستانی حکومت اور اقوام متحدہ پر زور ڈالیں تاکہ بقیہ افغان مہاجرین کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے'۔

مذکورہ شخص نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ گذشتہ سال جولائی میں رات 3 بجے ان کے گھر 11 فوجی اور پولیس اہلکار بنا اجازت داخل ہوئے اور ہمارا تمام سامان فرش پر پھینک دیا، ان اہلکاروں نے مہاجر کارڈ دیکھنے کا مطالبہ کیا اور ان کارڈز کو ایکسپائر قرار دے دیا۔

انھوں نے مزید بتایا، 'اس کے بعد ان افراد نے ہماری تمام رقم چھین کر ہمیں پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا'۔

انسانی حقوق کے ادارے کی جاری کردہ رپورٹ میں اقوام متحدہ کے ادارے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ مہاجرین کے لیے کام کرنے والے ادارے نے پاکستان سے افغانستان لوٹنے والے مہاجرین کی گرانٹ کو دگنا کرکے 400 ڈالر کردیا، جس سے مہاجرین کے انخلاء کی رفتار مزید تیز ہوگئی۔

محقق گیری سمپسن کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے کو پاکستان سے افغان مہاجرین کی زبردستی واپسی کو 'رضاکارانہ واپسی' ظاہر کرنے سے اجتناب کرنا چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یو این ایچ سی آر کو ایسا لگتا ہے کہ واپس لوٹنے والے مہاجرین کو رقم ادا کرکے افغانستان میں ان کے بقا میں مدد فراہم کی جاسکتی ہے تو کم از کم انہیں اس بات کو واضح کرنا چاہیئے کہ وہ ان کی واپسی کو رضاکارانہ نہیں سمجھتے۔

پاکستان میں موجود افغان مہاجرین

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ 4 سال کے دوران پاکستان 10 لاکھ سے زائد مہاجرین کی میزبانی کرچکا ہے۔

2016 کےآخری نصف حصے میں ملک بدری کی دھمکیوں اور پولیس کی بدسلوکی کی وجہ سے 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین میں سے 3 لاکھ 65 ہزار افراد افغانستان واپس گئے اور اسی دوران 10 لاکھ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں سے 2 لاکھ افغان مہاجرین بھی وطن واپس پہنچے۔

انسانی حقوق کے ادارے نے اس انخلاء کو 'حالیہ دور میں دنیا کی سب سے بڑی غیرقانونی مہاجرین کی واپسی' قرار دیا۔

—فوٹو بشکریہ: ایچ آر ڈبلیو
—فوٹو بشکریہ: ایچ آر ڈبلیو

واضح رہے کہ ریفاؤلمنٹ کے روایتی قانون کے تحت پاکستان اس بات کا پابند ہے کہ وہ لوگوں کو ایسی جگہ بھیجنے پر مجبور نہ کرے جہاں انہیں تشدد، نامناسب سلوک یا جان سے جانے کا خطرہ ہو۔

—فوٹو بشکریہ: ایچ آر ڈبلیو
—فوٹو بشکریہ: ایچ آر ڈبلیو

تاہم پاکستانی انتظامیہ نے عوامی بیانات میں اس بات کو واضح طور پر کہا کہ وہ 2017 میں بھی 2016 کے برابر افغان مہاجرین کو وطن واپس جاتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے جب افغانستان میں جاری کشیدگی میں 2009 سے لے کر اب تک سب سے زیادہ تعداد میں شہریوں کو زخمی اور قتل کیا گیا۔

افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باوجود بھی 2007 سے اب تک پاکستان میں کوئی نیا افغان مہاجر رجسٹر نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں، اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین ہزاروں پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کی صلاحیت بھی نہیں رکھتا، دسمبر 2016 میں یو این ایچ سی آر کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اس کثیر تعداد میں واپس افغانستان لوٹنے والے افراد بڑے انسانی بحران کا باعث بن سکتے ہیں۔

یو این ایچ سی آر کی تردید

انسانی حقوق کے ادارے کی رپورٹ میں شامل یو این ایچ سی آر کی ترجمان دنیا اسلم خان کے مؤقف کے مطابق اقوام متحدہ کا یہ ادارہ افغانستان کی صورتحال دیکھتے ہوئے افغان مہاجرین کی اس کثیر تعداد میں واپسی کی حمایت نہیں کرتا۔

دوسری جانب ڈان ڈاٹ کام کے سوالات کے جواب میں ترجمان یو این ایچ سی آر نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی کو ریفاؤلمنٹ کہنے کی تردید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ناموزوں حالات میں افغان مہاجرین مشکل فیصلے کررہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین ہیومن رائٹس واچ کی تشویش کو درست سمجھتا ہے کہ 2016 سے افغان مہاجرین دباؤ کا شکار ہیں جس سے ان کی وطن واپسی پر اثر پڑا۔

دنیا اسلم خان کے مطابق وہ ہیومن رائٹس واچ کے اس الزام کی سختی سے تردید کرتی ہے کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی جبری واپسی میں شریک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں