پاکستانی طلبہ کی ایک اور کامیابی

اپ ڈیٹ 01 مئ 2017
پاکستان کا 'لنکس' وہ واحد اسکول تھا جو اس ایونٹ میں 7 گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا۔—فوٹو: ڈان اخبار
پاکستان کا 'لنکس' وہ واحد اسکول تھا جو اس ایونٹ میں 7 گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا۔—فوٹو: ڈان اخبار

کراچی: دنیا کے اہم ترین مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے منعقدہ ایک ایونٹ میں کراچی کے نجی اسکول سے تعلق رکھنے والے 7 طالب علموں نے 7 سونے کے تمغے اپنے نام کرلیے۔

امریکن یونیورسٹی آف شارجہ میں منعقدہ تین روزہ ایونٹ میں دنیا بھر کے 200 سے زائد اسکولوں کے طالب علموں نے شرکت کی اور دنیا میں جاری مسائل کے پرامن حل کے لیے تعاون اور سفارت کاری کی اہمیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اتوار (30 اپریل) کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، پاکستان کا 'لنکس' وہ واحد اسکول تھا جو اس ایونٹ میں 7 گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا۔

پریس ریلیز کے مطابق 'اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسکول نے اپنے طالب علموں کی شخصیت میں نکھار کے لیے کتنی کوشش کی اور انہیں اس قابل کیا کہ وہ بہترین انداز میں ابلاغ کا عمل انجام دے سکیں'۔

اس ایونٹ میں سونے کے تمغے اپنے نام کرنے والے طالب علموں میں لنکس اسکول کی عائلہ عدنان، شمیر پنجوانی، میگی اسمتھ، زارا فواد علی، توبہ چاولہ، زہرا چاولہ اور سنیف ہارون شامل ہیں۔


یہ خبر یکم مئی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں