گذشتہ ماہ 5 اپریل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئیٹ کرنے والے کارٹرولکرسن نے شاید خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ وہ صرف ایک ماہ میں دنیا بھر میں مشہور ہوجائیں گے اور ان کی سب سے بڑی خواہش بھی پوری ہوجائے گی۔

کارٹر ولکرسن—فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
کارٹر ولکرسن—فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ہائی اسکول کے طالب علم کارٹر ولکرسن سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے وہ صارف ہیں جن کی ٹوئیٹ کو سب سے زیادہ مرتبہ ری ٹوئٹ یا شیئر کیا گیا۔

کارٹر ولکرسن کی ٹوئٹ کو اب تک 35 لاکھ دفعہ ری ٹوئیٹ کیا جاچکا ہے جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

لیکن آخر اس امریکی طالب علم کی ٹوئیٹ میں ایسا کیا تھا کہ دنیا بھر کے صارفین اسے شیئر کرتے چلے گئے؟

ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کارٹر کا سب سے زیادہ ری ٹوئٹ ہونے والا پیغام دراصل ان کی 'نگٹس سے محبت' سے متعلق تھا۔

4 اپریل کو امریکا کی ایک فاسٹ فوڈ کمپنی کو مخاطب کرتے ہوئے کارٹر نے ان سے پوچھا کہ اسے سال بھر کے لیے مفت نگٹس حاصل کرنے کے لیے کیا کرنا ہوگا جس پر فاسٹ فوڈ چین کا کہنا تھا کہ اگر کارٹر کا ٹوئٹر پیغام 18 ملین بار شیئر کیا جاتا ہے تو انھیں مفت نگٹس فراہم کردیئے جائیں گے۔

اپنی دھن اور شوق کے پکے کارٹر نے اس شرط پر حامی بھرلی اور یہیں سے ان کی قسمت بدلنے کا آغاز ہوا۔

امریکی طالب علم نے #NuggsForCarter کے ہیش ٹیگ کے ساتھ مفت نگٹس کے حصول کی مہم کا آغاز کیا اور حیرت انگیز طور پر دنیا بھر کی مشہور شخصیات اور برانڈز نے اس مہم میں ان کا ساتھ دیا۔

صرف ایک ماہ میں 35 لاکھ ری ٹوئیٹس حاصل کرنے کے بعد کارٹر ولکرسن دنیا بھر کے لیے انجان نہیں رہے، یکم اپریل کو 138 ٹوئٹر فالوورز رکھنے والے کارٹر کے اب 114 ہزار فالوورز ہیں اور وہ ٹوئٹر کے ویریفائیڈ صارف بن چکے ہیں۔

ساتھ ہی کارٹر کے فیورٹ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ نے انہیں سال بھر کے لیے مفت نگٹس فراہم کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

اس کامیابی کے بعد ٹوئٹر سے گفتگو میں امریکی طالب علم کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کا پیغام شیئر کیا اور اس سب کو حقیقت بنایا۔

اس موقع پر فاسٹ فوڈ چین کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ وہ کارٹر کے ورلڈ ریکارڈ بنانے پر بہت خوش ہیں۔

کمپنی نے اپنے صارفین سے رابطہ قائم کرنے کا ذریعہ بننے پر ٹوئٹر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں