کرم ایجنسی: وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے فاٹا کی کرم ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے افغان بارڈر سے پاکستان میں داخل ہونے والی بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے تباہ کردیا۔

اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شاہد علی خان کے مطابق کرم ایجنسی میں سرحد پر افغانستان کے صوبہ پکتیا سے بارود سے بھری گاڑی کو پاکستان میں داخل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی زوردار دھماکے سے تباہ ہو گئی۔

شاہد علی خان نے مزید بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی کو پاراچنار پہنچانے کی کوشش کی جارہی تھی۔

مزید پڑھیں: کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 14 جاں بحق

کرم ایجنسی افغانستان کی سرحد کے قریب وفاق کے زیر انتظام ایجنسیوں میں سے ایک ہے، شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب اور خیبرایجنسی میں آپریشن خیبر (ون اور ٹو) کے بعد عسکریت پسند ردعمل کے طور پر دوسرے علاقوں میں حملوں کی کوشش کر رہے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں بھی کرم ایجنسی میں مسافر بس بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں 4 بچوں اور 5 خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ مردم شماری ٹیم کے 2 ارکان سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کرم ایجنسی: بارودی سرنگ کا دھماکا، آٹھ افراد ہلاک

گذشتہ ماہ 31 مارچ کو بھی کرم ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر پاراچنار میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 57 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے، جس کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جماعت الاحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں بھی پارا چنار میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں