اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو سوشل میڈیا کے ذریعے پاک فوج کو بلا جواز تنقید و تضحیک کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے جاری بیان کے مطابق چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار سے متعلق پاکستان کا آئین یہ واضح کرتا ہے کہ ملکی سیکیورٹی اور دفاع کے معاملات اور متعلقہ اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین میں یہ بھی تحریر ہے کہ کوئی شہری کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگا جس سے پاک فوج کے ادارے کے وقار، نیک نامی اور عزت پر حرف آئے۔

انھوں نے زور دیا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں پاک فوج یا اسکے افسران کی تضحیک ناقابلِ قبول ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اپنے مخصوص مقاصد کی خاطر پاکستان کے منظم اور باعزت ادارے کو نشانہ بنانا نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ سنگین جرم بھی ہے اور دانستہ یا غیر دانستہ طور پر ایسے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انھوں نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ ان قابلِ مذمت سرگرمیوں میں ملوث اشخاص کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے، خواہ ان لوگوں کا تعلق کسی بھی پارٹی، جماعت یا پیشے سے ہو۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر کب اور کس طرح پاک فوج کو تنقید اور تضحیک کا نشانہ بنایا گا، جبکہ وزارت نے بیان میں یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ان سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

ARA May 15, 2017 04:12am
بلا جواز ??? Then why bother???
حمید فراز May 15, 2017 05:32pm
70 سال سے بوٹ کھا رھے ھین نہ کبھی پہلے بولے نہ اب بولیں گے۔ بس سلام کرین گے