اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی میں دو طلبا گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 35 طلبا زخمی ہوگئے۔

یونیورسٹی میں دو طلبا گروپوں میں تصادم کے بعد انتظامیہ نے حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس کو طلب کیا۔

مشتعل طلبا نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا اور حالات قابو سے باہر ہونے پر رینجرز کی نفری بھی طلب کی گئی۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے طلبا کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 25 زخمی طلبا کو طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔

دونوں طلبا گروپوں میں ایک ہفتہ قبل بھی تصادم ہوا تھا جس کے بعد سے ان کے درمیان کشیدگی چل رہی تھی۔

دوسری جانب قائد اعظم یونیورسٹی کو کشیدہ صورتحال کے باعث ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا، جبکہ پولیس نے طلباء کو فوری طور پر ہاسٹلز خالی کرنے کا بھی حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیکورٹی خطرہ: قائد اعظم یونیورسٹی غیر معینہ مدت کیلئے بند

تصادم میں ملوث دونوں گروپوں کے خلاف مقدمات درج کرکے یونیورسٹی میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمیعت طلبہ (آئی جے ٹی) اور پختون طلبہ تنظیموں کے درمیان بھی تصادم ہوا تھا۔

طلبا تنظیموں کے درمیان اُس وقت تصادم ہوا تھا جب مبینہ طور پر آئی جے ٹی نے پختون کلچر ڈانس پر دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں 7 طلبہ زخمی ہوگئے تھے جبکہ مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں