'رونگ نمبر' والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، یاسر

09 جون 2017
فلم رواں سال عید پر ریلیز ہوگی — فوٹو/ڈان
فلم رواں سال عید پر ریلیز ہوگی — فوٹو/ڈان

پاکستانی فلم ’مہرالنساء وی لب یو‘ کی مکمل ٹیم کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے لیے اکھٹی ہوئی جہاں انہوں نے فلم کے حوالے سے بات کرنے کے ساتھ اس کی ریلیز کا آفیشل اعلان بھی کیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق اس موقع پر فلم کے مرکزی اداکار دانش تیمور، ثناء جاوید، فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز، ان کی اہلیہ اور پروڈیوسر ندا یاسر سمیت میڈیا ارکان بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس کے آغاز میں دانش تیمور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں معلوم ہوا تھا کہ یاسر فلم بنارہے ہیں تو انہیں اس کا اسکرپٹ پڑھنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی، تاہم بعدازاں انہوں نے اسے پڑھا اور کافی پسند بھی آیا۔

دانش تیمور نے بتایا کہ یاسر نواز کے ساتھ کام کرنے کے تجربے نے بہت کچھ سکھایا اور امید ہے کہ ناظرین بھی ان سے سیکھیں گے۔

مزید پڑھیں: ’مہر النساء وی لب یو‘: کامیڈی فلم کا رومانوی ٹیزر

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ثناء جاوید نے کہا کہ ’ہر اداکار کی طرح میری بھی فلموں میں کام کرنے کی خواہش تھی، خوشی ہے کہ پہلی فلم اس پروڈکشن کمپنی کے ساتھ کی‘۔

اس موقع پر فلم کی پروڈیوسر ندا یاسر نے کہا کہ انہوں نے فلم میں اگر کچھ کیا تو وہ صرف اداکاروں کی اسٹائلنگ تھی۔

ان کے شوہر ہدایت کار یاسر نواز نے کہا کہ انہوں نے کوشش کی کہ وہ غلطیاں نہ دہرائیں جو اپنی آخری فلم ’رونگ نمبر‘ میں دہرائی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہر النساء وی لب یو: یاسر نواز کیا کہتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے اس فلم پر بےحد محنت کی، ساتھ ہی انہوں نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے گزارش کی کہ وہ ان کی فلم ضرور دیکھیں تاکہ مزید فلمیں بنانے کے لیے ان کا حوصلہ بڑھے۔

اس فلم کے حوالے سے یاسر نے کہا کہ ’میں نے بہت دل سے یہ فلم بنائی ہے‘۔

فلم ’مہرالنساء وی لب یو‘ رواں سال عید کے موقع پر سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں