اسلام آباد: پاک فوج نے آئندہ ماہ پاکستان میں دوستانہ فٹبال میچ میں شرکت کرنے والے معروف بین الاقوامی کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کی نوید سنا دی۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی سی پی آر) کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 'معروف فٹبالر رونالڈینیو کو دیگر 7 بین الاقوامی فٹبالرز کے ہمراہ پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے'۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دورے میں بین الاقوامی فٹبالرز کی ٹیم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کرے گی۔

برازیلین کھلاڑی رونالڈینو 7 فٹبالرز کے ہمراہ آئندہ ماہ 8 سے 10 جولائی تک 3 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے جہاں وہ پاک فوج اور لیژر لیگ کے اشتراک سے فٹبال کے فروغ کے لیے منعقدہ میچوں میں شرکت کریں گے جو کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ان مقابلوں کے دوران پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معروف بین الاقوامی فٹبالرز کا دورہ پاکستان اس بات کا عکاس ہے کہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلش فٹبالر جان ٹیری بھی پاکستان آنے کیلئے رضا مند

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے اور ملک میں کرکٹ کے بعد اب فٹبال کے فروغ کی باری ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا یہ بھی کہنا تھا کہ آرمی چیف کا یہ اقدام ملک میں کھیلوں کو فروغ دے کر امن کا قیام ہے۔

اپنے پیغام میں ترجمان آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غور نے مزید کہا کہ 'پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو کھیلوں سے بہت محبت رکھتا ہے'۔

واضح رہے کہ پاکستان میں دوستانہ میچ کی منتظم کمپنی ’لیژرز لیگ‘ کی جانب سے منعقدہ میچ میں شرکت کے لیے بین الاقوامی ٖفٹبالرز پر مشتمل ٹیم اگلے ماہ جولائی کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ پاکستان ٹیم کے خلاف دوستانہ میچ بھی کھیلے گی۔

اس نمائشی میچ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے فٹبالرز میں سابق انگلش کھلاڑی جون ٹیری، برازیلین کھلاڑی اور ورلڈ کلاس اسٹرائیکر روبرٹ و کارلوس، سابق فرانسیسی کھلاڑی و اسٹرائیکر نکولس انیلکا، سابق فرانسیسی فٹبالر روبرٹ پائرس، سابق انگلش گول کیپر ڈیوڈ جیمز، سابق پرتگالی کھلاڑی لوئس بؤا مورتے ، سابق جرمن مڈ فیلڈر جارج بؤاتینگ اور رونالڈینیو شامل ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں