دنیا کے مختلف ممالک کے مردوں میں پروسٹیٹ کینسر ایک وبا کی صورت اختیار کرتا جارہا ہے۔

لیکن اس موذی مرض کو 3 عام غذاؤں سے ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے جن میں ہلدی، سرخ انگور اور سیب شامل ہیں۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ڈاکٹر اسٹیفنو ٹیزیانی نے اس حوالے سے چوہوں پر ایک تحقیق کی اور انہیں ہلدی، سرخ انگور اور سیب کھلانے کا تجربہ کیا۔

تجربے کے دوران چوہوں کو یہ غذائیں دی گئیں تو انہیں کھانے والے چوہوں میں پروسٹیٹ کینسر کے خلیات تیزی سے ختم ہونے لگے جس پر ماہرین کا کہنا تھا کہ ہلدی، سرخ انگور اور سیب ایک ساتھ کھانے سے مرد حضرات اس جان لیوا بیماری سے دور رہ سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق اس مرض میں مبتلا لوگ بھی ان غذاؤں کی مدد سے بیماری سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

سائنسدانوں نے پہلے نر چوہوں کو پروسٹیٹ کینسر کا مریض بنایا اور پھر ان کے سرطانی خلیات اور انسانوں کے سرطانی خلیات کو باہر نکال کر تینوں اجزا کو ان پر آزمایا تو وہ سرطانی رسولیوں کو تیزی سے تباہ کرنے لگے یہاں تک کہ وہ اس وقت موجود دوا سے بھی زیادہ مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔

جب انہیں براہِ راست چوہوں کو کھلایا گیا تو ان کے پروسٹیٹ کینسر کی رسولیات سکڑنے لگے اور مزید سرطانی خلیات بننا بند ہوگئے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ غذائیں پروسٹیٹ کینسر کی رسولیوں کو کسی سائیڈ ایفیکٹ کے بغیر ختم کرنے میں مدد فراہم کررہی ہیں۔

ان 2 پھلوں اور ایک مصالحے میں ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں جو پروسٹیٹ کینسر کو روکتے ہیں، پہلا جزو تو بہت مشہور ہے جو ہلدی میں عام پایا جاتا ہے، اسے سرکیومن کہتے ہیں۔

جبکہ دوسرا جزو سیب کے چھلکے میں ہوتا ہے جسے اْرسولِک ایسڈ کہا جاتا ہے، انگور میں پایا جانے والا تیسرا اہم جزو ریزوریٹرول ہے جو بعض بیریوں میں بھی موجود ہوتا ہے اور یہ سرطانی خلیات کو غذا فراہم کرنے والا راستہ بند کرکے اسے فاقوں سے مرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔

اس لیے یہ غذائیں عمر رسیدہ افراد کیلئے بے حد فائدہ مند ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں ہر ساتواں اور برطانیہ میں ہر آٹھواں مرد اس بیماری میں مبتلا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں