فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد 2 ارب سے تجاوز کر گئی اور اس موقع پر سوشل نیٹ ورک سائٹ نے اپنے صارفین کو ایک 'تحفہ' دیا ہے۔

یہ تحفہ فیس بک کی جانب سے بنائی گئی ایک خصوصی پرسنلائز ویڈیو کا ہے۔

صارفین اس ویڈیو کو ٹائم لائن پر شیئر کرسکتے ہیں جس کے کیپشن پر لکها ہے کہ 'یہاں موجودگی کے لیے شکریہ، فیس بک اب دو ارب افراد کی برادری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ آپ اس کا حصہ ہیں، ہم نے یہ ویڈیو شیئرنگ کے لیے تیار کی ہے جس میں وہ اچھے لمحات ہیں جب ہم سب اکٹھے ہوئے'۔

مزید پڑھیں : فیس بک پر ایک ارب انسان ایک دن میں لاگ ان

اس ویڈیو کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کو اپنی پسند کی تصاویر سے سجایا جاسکتا ہے جبکہ اس میں اپنے دوستوں کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

ویڈیو پیج پر اسکرول کرکے یہ بھی جانا جا سکتا ہے کہ اسے کتنی بار دیکها گیا، جبکہ یہ بھی جان سکتے ہیں کہ لوگوں نے کتنی بار اس ویڈیو پر ہارٹ (heart) ری ایکشن کا استعمال کیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اپنے ایک پیغام میں اعلان کیا تھا کہ آج صبح فیس بک برادری آفیشلی طور پر دو ارب کے سنگ میل تک پہنچ گئی ہے۔

اس وقت فیس بک کے مقابلے پر کوئی بھی نظر نہیں آتا کیوں کہ دوسرے نمبر پر موجود یوٹیوب کے ماہانہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب، وی چیٹ کے 88 کروڑ 90 لاکھ اور ٹوئٹر کے 32 کروڑ 80 لاکھ ہے۔

اس سے ہٹ کر فیس بک کی دیگر ایپس یعنی واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر ایسی ایپس ہیں جن کے ماہانہ صارفین ایک ارب سے زائد ہیں۔

دونوں ایپس کے صارفین کی تعداد ایک جتنی یعنی ایک ارب بیس کروڑ ہے جبکہ انسٹاگرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 70 کروڑ ہے۔

13 سال پہلے سامنے آنے والی فیس بک نے ایک ارب کا ہندسہ اکتوبر 2012 میں چھوا تھا جبکہ 5 سال سے کم وقت میں اس نے مزید ایک ارب صارفین کی تعداد حال کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کے 16 اقسام کے صارفین

فیس بک کے استعمال کرنے والے افراد اس پر اب زیادہ وقت بھی گزارنے لگے ہیں اور 66 فیصد صارفین روزانہ اس پر لاگ ان ہوتے ہیں جبکہ 2012 میں یہ شرح 55 فیصد تھی۔

گزرتے وقت کے ساتھ اس سوشل میڈیا میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں جیسے لائیکس، ری ایکشن، ویڈیو، اینیمیٹڈ تصاویر، لائیو ویڈیو اسٹریمنگ اور دیگر ہیں۔

فیس بک کے بانی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے 2030 تک صارفین کی تعداد 5 ارب تک پہنچانے کا ہدف طے کیا ہے جس کے لیے ترقی پذیر ممالک پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں