معین کی دس وکٹیں، جنوبی افریقہ کو 211 رنز سے شکست
معین علی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 211 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 119 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے 216 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی اور میچ پر اس کی گرفت بہت مضبوط تھی۔
تاہم جنوبی افریقی باؤلرز نے چوتھے دن کے پہلے سیشن میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے اور پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم نے 63 رنز بناتے ہوئے سات وکٹیں گنوائیں۔
182 رنز پر آٹھ وکٹئں گرنے کے بعد جونی بیئراسٹو نے مارک وڈ کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے 45 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی برتری میں اضافہ لیکن 28 رنز بنانے والے وُڈ کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی اس شراکت کا بھی خاتمہ ہو گیا۔
کیشپ مہاراج کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بیئراسٹو کے آؤٹ ہوتے ہی انگلینڈ کی اننگز 233 رنز پر اختتام پذیر ہوئی لیکن پہلی اننگز کی برتری کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کیلئے 331 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک 69، کیٹن جیننگز 33 گیری بیلنس 33 اور بیئراسٹو 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مورنے مورکل اور کگیسو ربادا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم شروع سے ہی پریشانیوں میں گھری رہی اور معین علی کی شاندار باؤلنگ کا کسی بھی مہمان بلے باز کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔
28 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے 36 رنز جوڑ کر اسکور کو 64 تک پہنچایا ہی تھا کہ معین نے وکٹ کیپر بلے باز کی وکٹیں بکھیر کر جنوبی افریقہ کے ان فارم بلے باز کو پویلین کو رخصت کردیا۔
اس کے بعد کوئی بھی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر قیام نہ کر سکا اور پوری ٹیم 119 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ہینو کوہن نو، ڈین ایلگر دو، ہاشم آملا 11، جین پال ڈومینی دو، کوئنٹن ڈی کوک 18، ٹیمبا باووما 21، تھینس ڈی برون ایک، ورنن فلینڈر 19، کیشپ مہاراج 10، کگیسو ربادا چار اور مورنے مورکل نے 14 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 53 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں اور مجموعی طور پر میچ میں دس وکٹیں لیں اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔












لائیو ٹی وی