پاناما، جے آئی ٹی، مریم نواز اور’کیلبری‘ فونٹ

11 جولائ 2017
کیلبری فونٹ کے استعمال پر سوالات اٹھائے جانے کے بعد مزاحیہ ٹوئیٹس کیے گئے—فوٹو: ٹوئٹر
کیلبری فونٹ کے استعمال پر سوالات اٹھائے جانے کے بعد مزاحیہ ٹوئیٹس کیے گئے—فوٹو: ٹوئٹر

پاناما اسکینڈل کیس کی تحقیقات کرنے والے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) نے وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور دیگر افراد سے تحقیقات کرنے کے بعد 10 جولائی کو اپنی رپورٹ سپریم کورٹ (ایس سی) میں جمع کرائی۔

جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد جہاں اس کے کئی نقاط پر سوشل میڈیا پر بحث جاری رہی، وہیں ٹوئٹر پر ’کیلبری‘ فونٹ کا ٹرینڈ بھی بن گیا۔

کیلبری فونٹ اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بنا جب یہ خبر سامنے آئی کہ جے آئی ٹی نے مریم نواز کی جانب سے جمع کرائے گئے دستاویزات میں کیلبری فونٹ استعمال کرنے پر اعتراضات اٹھائے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ دستاویزات جعلی ہیں، کیوں کہ پاکستان میں یہ فونٹ 31 جنوری 2007 سے پہلے کمرشل بنیادوں پر دستیاب نہیں تھا۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’ذرا ہٹ کے‘ کے شریک میزبان اور صحافی ضرار کھوڑو نے جے آئی ٹی کی جانب سے کیلبری فونٹ کے استعمال پر اعتراضات کا اسکریش شاٹ شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کا مکمل ٹیکس ریکارڈ موجود نہیں، جے آئی ٹی رپورٹ

اسکرین شاٹ میں پڑھا جاسکتا ہے کہ’ جے آئی ٹی میں جمع کرائے گئے ڈکلیئریشن دستاویزات میں کلیبری فونٹ کا استعمال کیا گیا، جو 31 جنوری 2007 سے پہلے کمرشل بنیادوں پر دستیاب نہیں تھا، جمع کرائے گئے ڈکلیئریشن سرٹیفکیٹس میں اصل تاریخ نہیں ہے، یہ بعد میں تیار کیے گئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مریم نواز کی جانب سے نیسکول اینڈ نیسلن سمیت کومبر ان کارپوریشن کے ڈکلیئریشن سرٹیفکیٹس پر 2006 میں دستخط کیے گئے،اور ان سرٹیفکیٹس پر کلیبری فونٹ استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب وکی پیڈیا اور کورا کے مطابق بھی یہ فونٹ 2004 یا 2007 میں کمرشل بنیادوں پر استعمال ہونا شروع ہوا۔

خیال رہے کہ کلیبری فونٹ مائیکرو سافٹ نے تیار کیا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پاناما اسکینڈل میں جے آئی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں مریم نواز کی رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد کلیبری فونٹ پر کئی لوگوں نے ٹوئیٹس کیے۔

سعد خان نے نواز شریف کی تصویر کے ساتھ کلیبری فونٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ 35 سال کی سیاست ہار گئی، کلیبری جیت گیا‘۔

مزید پڑھیں: جے آئی ٹی کا مریم نواز پر 'جعلی دستاویزات' جمع کرانے کا الزام

سوین گلی کے ٹوئٹر ہینڈل سے وزیر اعظم کے صاحبزادے کی جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد لی گئی تصویر کوٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’ جب آپ 2006 میں کلیبری فونٹ کا استعمال کرتے ہیں، جو 2007 میں جاری ہوا‘۔

اسی ٹوئٹر ہینڈل سے سلسلہ وار ہونے والے ٹوئیٹس میں مریم نواز کے طنزیہ بیان میں کہا گیا کہ کلیبری فونٹ میرے دادا نے 1970 میں اتفاق فاؤنڈری میں ایجاد کیا۔

ایک اور ٹوئیٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے طنزیہ بیان سے کہا گیا کہ کیلبری فونٹ کو میرے ابا نے 1965 سے پہلے اتفاق فاؤنڈری میں ایجاد کیا۔

ماہ رخ نے وزیر اعظم نواز شریف اور مائیکرو سافٹ کے بانی کی پرانی تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’بل گیٹس نے کیلبری فونٹ ایجاد کرنے پر ذاتی طور پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی

علی اسد نے ٹوئیٹ کی کہ آپ کرپشن کریں، مگر کیلبری فونٹ استعمال نہ کریں۔

بسمہ محمود نے ٹوئیٹ کی کہ کیلبری بزنس کے ساتھ اس واقعے کو جوڑنا نہایت دلچسپ ہے۔

احمر نقوی نے ٹوئیٹ کی کہ ’ان لوگوں کا کلیبر ہی نہیں ہے، اس ملک کو چلانے کا‘۔

باجی پلیز کے ٹوئٹر ہینڈل سے مریم نواز کی والدہ اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ایک تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ اہل خانہ پوچھتے ہیں، کیا ہوا؟ مریم نواز کہتی ہیں، ’کیلبری‘ فونٹ۔

مریم نواز 5 جولائی کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں—فوٹو اے ایف پی
مریم نواز 5 جولائی کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں—فوٹو اے ایف پی

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jul 11, 2017 07:27pm
ہا، ہا ، ہا ہائے