مقبوضہ بیت المقدس، فلسطین میں مغربی کنارے کے شمالی حصے میں قائم مہاجرین کے جنین کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے دو فلسطینیوں کو قتل کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے میڈیکل اور سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مبینہ طور پر چھڑپ کے دوران فائرنگ کی تھی جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 2 شدید زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

واقعے میں زخمی ہونے والے تیسرے شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، اس کی ٹانگ پر گولی لگی تھی۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی ماہی گیر ہلاک

اسرائیلی فوج کا دعویٰ تھا کہ جنین کیمپ میں ’ایک فلسطینی شخص نے فورسز پر فائرنگ کی اور ان کی جانب دھماکا خیز مواد پھینکا، جس کے بعد فورسز نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی‘۔

اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ان کا کوئی بھی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2015 سے شروع ہونے والی کشیدگی میں اب تک 277 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس عرصے میں 42 اسرائیلی، 2 امریکی، اردن کے دو شہری جبکہ ارٹیریا، سوڈان اور برطانیہ کا ایک ایک شہری ہلاک ہوا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں نے اسرائیلی فورسز پر چاقو، دیگر اسلحے سے حملے کیے جبکہ فورسز پر کار حملے بھی کیے گئے اور فورسز نے انہیں دفاع میں ہلاک کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نابالغ ہلاک

متعدد فلسطینیوں کو احتجاج، مظاہروں اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک کیا گیا۔

دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں جاں بحق کیے جانے والے فلسطینی شہری غیر مسلح تھے۔

یاد رہے کہ حالیہ کچھ ماہ میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں