اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی کابینہ میں شامل ایک وزیر کی جانب سے ان سے منسوب متنازع بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کردیا۔

گذشتہ رات جیو نیوز پر ایک پروگرام کے دوران پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاناما کیس کی حالیہ صورت حال کے تناظر میں چوہدری نثار اور پارٹی کے درمیان اختلافات کو زائل کرنے کی کوشش کی تھی۔

16 جولائی 2017 کو ڈان میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق احسن اقبال کا دعویٰ تھا کہ حالیہ کابینہ اجلاسوں میں یہ اتفاق رائے قائم ہوا کہ جے آئی ٹی کا کام انصاف کے تقاضوں کو مکمل نہیں کرتا۔

انہوں نے چوہدری نثارکی وزیراعظم نواز شریف سے 35 سالہ پرانی رفاقت اور ان کی جانب سے وفاداری پر دیئے گئے بیان کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اپنے سیاسی سفر پر فخر کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاناما جے آئی ٹی رپورٹ: نوازشریف کا قانونی جنگ لڑنے کا اعلان

ان کا بیان کے نشر ہونے کے ایک گھنٹے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں چوہدری نثار سے منسوب بیان پر افسوس کیا گیا۔

بیان میں وفاقی وزیر کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ ایسے رہنما حکومت کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار ہیں۔

وزارت داخلہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابینہ کے وزیر کی جانب سے ان سے منسوب کیا گیا بیان وزیر داخلہ نے نہیں دیا۔

وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ بات دوبارہ دہرائی جارہی ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں وزیر داخلہ نے شرکت کی تھی تاہم انہوں نے جمعہ کے روز ہونے والے مسلم لیگ کے اجلاس میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی اجلاس میں غیر موجودگی کو علامتی قرار دیا گیا، جبکہ وہ ذاتی مصروفات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز میڈیا میں یہ رپورٹس آئیں تھیں کہ وزیرداخلہ نے اجلاس میں وزیراعظم کو خود اور ان کے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کرنے پر زور دیا تھا اور پارٹی کو خبردار کیا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد احتیاط برتنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار نے پارٹی قیادت سے اختلافات کو مسترد کردیا

تاہم بعد ازاں چوہدری نثار نے میڈیا میں ان سے منسوب خبروں کو رد کردیا تھا۔

اسی روز وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ 'وزیر داخلہ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس کو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے اور نہ ہی اجلاس کے دوران کوئی تلخ کلامی ہوئی تھی'۔

ترجمان وزارت داخلہ نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ وفاقی وزیرکے حوالے سے 'غیرمنطقی قیاس آرائیوں اور غیرحقیقی بیانات' سے گریز کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ 'میڈیا کے ایک حلقے نے اس حوالے سے بے بنیاد خبریں چلائیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں