• KHI: Sunny 27.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C
  • KHI: Sunny 27.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C

پاکستان عوامی تحریک کو مال روڈ پر دھرنے کی اجازت مل گئی

شائع August 16, 2017

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جانب سے رات 10 بجے تک دھرناختم کرنے کی یقین دہانی کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے پارٹی کو مال روڈ کے استنبول چوک پر دھرنے کی اجازت دے دی۔

استنبول چوک پر دھرنے کی اجازت پاکستان عوامی تحریک، حکومت اور تاجر برادری میں کامیاب مذاکرات کے بعد دی گئی۔

پی اے ٹی نے لاہور ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی کہ مال روڈ پر دیا جانے والا دھرنا پارٹی کے سربراہ طاہر القادری کی تقریر کے بعد ختم کردیا جائے گا۔

جس کے بعد عدالت نے حکومت اور پولیس کو دھرنے کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے 16 اگست کے دھرنے کا مقام تبدیل کرتے ہوئے دھرنا مال روڈ کے استنبول چوک سے ناصر باغ منتقل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: لاہور میں عوامی تحریک کی دھرنے کی درخواست مسترد

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 15 اگست کو دھرنے کے خلاف دائر پٹیشن پر لاہور ہائیکورٹ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جاری ہونے والے بیان میں عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ناصر باغ عوامی جلوسوں اور اجتماعات کے لیے مختص قانونی جگہ ہے جبکہ یہ مقام ممنوعہ علاقے مال روڈ سے کافی دور ہے۔

اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک نے استنبول چوک پر دھرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز (15 اگست کو) لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تاجر ایسوسی ایشن کے ایک رہنما کی درخواست پر عوامی تحریک کو دھرنے کے انتظامات سے روکنے کے احکامات کے بعد مقام کوتبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کا 16 اگست سے دھرنے کا اعلان

تاجر ایسوسی ایشن کے رہنما نعیم میر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مال روڑ پر پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے اور دھرنے کے باعث عوام کی زندگیوں میں خلل پڑسکتا ہے، اس لیے دھرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور ہائی کورٹ سے نجفی کمیشن رپورٹ کو عام کرنے کی درخواست کرتے ہوئے 16 اگست کو مال روڈ کے استنبول چوک پر 2014 میں ماڈل ٹاؤن سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندان کی خواتین کے دھرنے کا اعلان کیا تھا۔

سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ دھرنے کی کال صرف 'ایک درخواست اور یاد دہانی' ہے کہ ہماری پٹیشن گذشتہ 30 ماہ سے عدالت میں زیر التواء ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025