کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سمیع الحسن کو پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم ’ آئی سی سی ورلڈ الیون‘ کا میڈیا منیجر مقرر کردیا۔

سمیع الحسن آئی سی سی کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مختلف ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ’آئی سی سی ورلڈ الیون‘ کے کھلاڑی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں 7 اور 8 ستمبر کو جمع ہوں گے جہاں وہ ایک ٹیم کی شکل میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ الیون سے سیریز، آئی سی سی کا سیکیورٹی وفد لاہور پہنچ گیا

آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم رواں ماہ 11 ستمبر کی صبح لاہور پہنچے گی اور اسی دن کپتان فاف ڈیوپلیسی لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔

مہمان ٹیم لاہور میں 11 ستمبر کو ہی پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔

ذرائع نے ڈان نیوز کو یہ بھی بتایا کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن بھی 15 ستمبر کو سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کے لیے لاہور آئیں گے۔

جائلز کلارک آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کے ہمراہ ہی لاہور آئیں گے اور وہ اس دورے کے دوران ٹیم کے ساتھ موجود ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ الیون کی آمد سے بین الاقوامی ٹیموں کو اعتماد ملے گا، آرتھر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے کی دعوت دے دی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے بورڈز کے کچھ سربراہان بھی لاہور آئیں گے جو پاکستان اور آئی سی سی ورلڈ الیون کے درمیان ہونے والے میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ’آئی سی سی ورلڈ الیون رواں برس پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ بین الاقوامی حیثیت کے حامل 3 ایک روزہ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز ’آزادی کپ‘ میں حصہ لے گی۔

آزادی کپ کے تمام میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں