وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کسی ٹیکنوکریٹ یا غیرجمہوری حکومت سے پاکستان کوکبھی فائدہ نہیں ہوا اور ملک میں ترقی جمہوریت کے استحکام سے ہی ہوگی اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ضلع اٹک کے علاقے جھنڈیال میں تیل وگیس کے نئے ذخیرے جھنڈیالI- منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے یہ ان پالیسیوں کی بدولت ہے جو نواز شریف نے شروع کیں اور ہم ان کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں ترقی صرف اسی وقت ممکن ہوگی جب ملک میں جمہوریت پروان چڑھے گی، جمہوریت مضبوط ہوگی تو ملک میں ترقی ہوگی، اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسی ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت نے پاکستان کوکبھی بھی کچھ دیا ہے اور نہ ہی دے گی اس لیے ملکی ترقی و خوشحالی کی خاطر ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔

عام انتخابات کے حوالے سے انھوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں انتخابات ہوں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پاکستان کے عوام قبول کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:صفدر کی قومی اسمبلی میں تقریرپارٹی پالیسی نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم نے علاقے میں تیل و گیس کی دریافت پر اہل علاقہ، پی او ایل اور اٹک آئل کے حکام اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے کے بعد پنجاب میں تیل و گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت ہوا اور مجھے پورا یقین ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی مزید دریافتیں ہوں گی۔

انھوں نے کہا کہ میں پی او ایل اور اٹک گروپ کو قومی ترقی اور خوشحالی کے اس اہم منصوبے میں سرمایہ کاری پر مبارکباد دیتا ہوں جنھوں نے 15 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس فیلڈ سے 21 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی، اس کے علاوہ اڑھائی ہزار بیرل یومیہ تیل اور 50 ٹن ایل پی جی بھی اس کنوئیں سے حاصل ہوگی جو بڑی خوش خبری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 103 ریکارڈ دریافتیں ہوئیں جن سے 850 ملین کیوبک فٹ گیس نظام میں شامل ہوئی جو پاکستان کی کل پیداوار کا 22 فیصد ہے جبکہ 32000 بیرل تیل کا اضافہ ہوا جو پاکستان کی کل پیداوار کا ایک تہائی ہے۔

موجودہ حکومت کی بجلی کی پیداوار کے حوالے سے کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا تھا پورے پاکستان میں ڈیم اور پاور پلانٹ لگا کر جو بجلی پیدا ہوئی وہ 20 ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ تھی جبکہ موجودہ حکومت نے چار برسوں میں دس ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی اور توانائی کے حوالے سے اہداف حاصل کرلیے۔

وزیراعظم نے علاقے کے تمام دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ سارے علاقے کے تمام گاؤں میں گیس دی جائے اس سلسلے میں عوامی نمائندوں سے مشاورت ہوگی کیونکہ یہ علاقے کے عوام کا حق ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر شیخ آفتاب، وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر مملکت جام کمال خان، رکن قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی، پاکستان آئل فیلڈ کے چیئرمین و سی ای او شعیب ملک اور علاقے کے عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے وزیراعلیٰ پنجاب کا خطاب

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جھنڈیال میں تیل وگیس کی دریافت قومی معیشت کی ترقی میں ایک شاندار اضافہ ہے جس سے توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، اس دریافت پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور اٹک پٹرولیم کے ماہرین اور ورکرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر قوم یکسوئی کے ساتھ متفقہ فیصلہ کرے تو کوئی پہاڑ اورکوئی سمندر ہماراترقی کا راستہ نہیں روک سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ دریافت پنجاب میں ہوئی ہے لیکن یہ پاکستان کے 20 کروڑ سے زائد عوام کی ملکیت ہے، ماضی میں گیس کی قلت تھی لیکن اب نئی دریافتوں سے صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے توانائی بحران کے حل کے لئے جو اقدامات شروع کیے تھے اس کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، کئی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی پر کام ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب میں 2600 میگاواٹ کے منصوبے شروع کیے گئے جو اب مکمل ہو رہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبے یکساں رفتار سے ترقی کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں