سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم اہم کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار پر ٹیم میں زیادہ تر نئے کرکٹرز شامل کیے گئے ہیں۔

جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا، ان میں لاستھ ملنگا، دنیش چندیمل، اپل تھرنگا اور لکمل شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تھیسارا پریرا کو سری لنکا کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

سری لنکن ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تھیسارا پریرا (کپتان)، تھیس دلشان موناریوا، دنشکا گوناتھیلاکا، سدیرا سماراوکرمہ، آشان پرینجن، مہیلا اداوتے، دسون شناکا، سچتھ پتھیرانا، وکرم سنجایا، لاہیرو گماگے، سیکوجے پرسانا، وشوا فرنینڈو، اسورو ادانا، جیفرے ونڈرسے اور چتورنگا ڈی سلوا شامل ہیں۔

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے اور یہ سری لنکا کا 2009 کے بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ ہوگا۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس حملے کے بعد سری لنکا پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی صف اول کی ٹیم ہو گی، اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم 2015 میں پاکستان آچکی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان آنے سے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کو سری لنکن بورڈ کی دھمکی

میچ کے پاکستان میں انعقاد کے بعد سری لنکن کپتان اپل تھرانگا اور دیگر اہم کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس پر سری لنکن چیف سلیکٹرز نے سخت موقف اپناتے ہوئے کھلاڑیوں کو خبردار کیا تھا کہ پاکستان نہ آنے والے کھلاڑیوں کو بقیہ سیریز کے لیے بھی منتخب نہیں کیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں سری لنکن چیف سلیکٹر گریم لبروئے نے کہا تھا کہ بورڈ کھلاڑیوں کو قائل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے تاہم اس کے باوجود بھی جو کھلاڑی نہیں مانیں گے وہ گرین شرٹس کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ جو کھلاڑی پاکستان جانے پر رضامند ہوں گے صرف انھیں ہی پوری سیریز کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں