دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سائبر کرنسی بٹ کوائن نے ایک بار پھر 6 ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کرلیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی اس ورچوئل کرنسی نے چھ ہزار کی حد کو عبور کیا تھا مگر پھر وہ نیچے گرگئی تھی تاہم اتوار کی شب وہ ریکارڈ 6308 ڈالرز تک پہنچی اور اب 6160 ڈالرز (لگ بھگ ساڑھے چھ لاکھ پاکستانی روپے) کے قریب ٹریڈ ہورہی ہے۔

اس کرنسی نے اگست میں چار ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا تھا مگر اس کے بعد اس کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی، جس کی وجہ چین کی جانب سے ورچوئل کرنسیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا اعلان اور روس کا ایسا عندیہ تھا، مگر پھر اس کی قیمت میں اضافہ ہوا اور رواں ماہ پہلی بار 5 ہزار ڈالرز سے اوپر گئی۔

اس کی قیمت میں اچانک حالیہ اضافہ کی وجہ واضح نہیں حالانکہ اسے گزشتہ ہفتے دو حصوں میں تقسیم بھی کیا گیا تھا۔

ویسے اس ورچوئل کرنسی کے ایک سکے سے آپ 12 تولے سے زیادہ سونا خرید سکتے ہیں اور اس کی قدر میں رواں سال کے دوران 500 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے، اور 2017 کے آغاز میں اس کی قیمت صرف 966 ڈالرز تھی۔

یہ بھی پڑھیں : دنیائے انٹرنیٹ کی کرنسی

واضح رہے کہ بٹ کوائن کا استعمال اشیاءاور سروسز کو ادائیگی کے حوالے سے لوگوں کو بینکوں اور ادائیگی کے روایتی پراسیس کو بائی پاس کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

بٹ کوائن اور دیگر ایسی ہی ورچوئل کرنسیوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ان خدشات کے باوجود تھم نہیں سکا کہ یہ قیمتیں اچانک زمین پر بھی گرسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق بٹ کوائن کی سکیل ایبلیٹی اور ٹرانزیکشن کے لیے تیز پراسیس نے اس کی قیمت میں نمایاں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں : ایک بٹ کوائن 5 تولے سونے سے بھی مہنگا

کسی حقیقی کرنسی کے مقابلے میں بٹ کوائنز ہر طرح کے ضابطوں یا حکومتی کنٹرول سے آزاد ہے اور اس کا استعمال بہت آسان ہے۔

اس وقت اسے متعدد ممالک جیسے کینیڈا، چین اور امریکا وغیرہ میں استعمال کیا جارہا ہے تاہم دنیا میں انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والا ہر شخص اس کرنسی کو خرید سکتا ہے۔

اس کرنسی کی لین دین کے لیے صارف کا لازمی طور پر بٹ کوائن والٹ اکاؤنٹ ہونا چاہئے جسے بٹ کوائن والٹ اپلیکشن ڈاؤن لوڈ کرکے بنایا جاسکتا ہے۔ والٹ اکاؤنٹس کو پے پال، کریڈٹ کارڈز یا بینک اکاؤنٹس وغیرہ کے ذریعے بٹ کوائنز خریدنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ سمیت انٹرنیٹ پر کام کرنے والی سینکڑوں کمپنیاں بٹ کوائنز کو قبول کرتی ہیں، جن میں سوشل گیمنگ سائٹس جیسے زینگا، بلاگ ہوسٹنگ ویب سائٹس جیسے ورڈ پریس اور آن لائن اسٹورز جیسے ریڈیٹ اور اوور اسٹاک ڈاٹ کام وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

یہ بھی دیکھیں : آسٹریلیا: بٹ کوائن کے 'موجد' کے خلاف چھاپے

اس وقت دنیا بھر میں لاکھوں بٹ کوائن گردش کررہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں