اڑنے والی ٹیکسی کی آزمائش رواں سال متوقع

13 نومبر 2017
ائیر بس کی فضائی ٹیکسی کا خاکہ — فوٹو بشکریہ ائیربس
ائیر بس کی فضائی ٹیکسی کا خاکہ — فوٹو بشکریہ ائیربس

ویسے تو کراچی یا دیگر بڑے شہروں میں گھر سے دفتر کا راستہ کسی آزمائش سے کم نہیں ہوتا خاص طور پر جب ٹریفک جگہ جگہ جام ہو، مگر تصور کریں ایسی پبلک ٹرانسپورٹ کا، جو آپ کو گھر سے پک کریں اور اڑ کر دفتر پہنچا دے، اچھا ہے نا؟

اور اس سائنس فکشن خیال کو معروف طیارہ ساز کمپنی ائیر بس حقیقت کا روپ دینے والی ہے جس نے خودکار پرواز کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکسیوں کی آزمائش رواں سال کے آخر میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وہانا نامی اس انوکھی سروس کا اعلان رواں سال کے شروع میں ائیربس کے سی ای او ٹام اینڈرز نے کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ پرواز کرنے والی ٹیکسیاں ایک مسافر کو منزل تک پہنچانے کا کام کریں گی۔

مزید پڑھیں : مستقبل کی 5 سواریاں جو سفر کا انداز بدل دیں گی

کمپنی کے مطابق وہ برقی اور خودکار پرواز کی صلاحیت رکھنے والی ان گاڑیوں کا بیڑہ تیار کرنا چاہتی ہے جو گنجان آباد علاقوں میں ایک چھت سے دوسری چھت پر مسافروں کو چھوڑ سکیں گیں۔

کمپنی کے مطابق اس کے عملی نمونے کی تیاری پر کام جاری ہے اور رواں برس کے آخر تک اس کی پرواز کا ہدف رکھا گیا ہے اور 2020 تک اسے کمرشل بنیادوں پر تیار کیا جانے لگے گا۔

ائیربس نے اسے شہروں کے لیے مستقبل کی سواری قرار دیا ہے۔

اس منصوبے کو یہ کمپنی بہت سنجیدہ لے رہی ہے اور اس کے خیال میں یہ شہروں کی بہت زیادہ ٹریفک کے مسئلے کا سامنا نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : دبئی میں مسافر بردار ڈرون کی پہلی پرواز

دیکھنے میں کسی گاڑی جیسی یہ سواری ممکنہ طور پر چار روٹر ڈیزائن پر مشتمل ہوگی تاکہ یہ ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف کرسکے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اڑن گاڑیاں اس وقت بھی کسی سائنس فکشن سے کم نہیں مگر ائیربس کا ماننا ہے کہ اس کی یہ ٹیکسیاں اس کیٹیگری کا حصہ نہیں ہوں گی بلکہ یہ ٹیکنالوجی کو زیادہ بہتر طریقے سے استعمال کرنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں