’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے والی لڑکی کون ہے؟

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2017
منوشی چھلر 18 نومبر 2017 کو مس ورلڈ منتخب ہوئیں—فوٹو: اے ایف پی
منوشی چھلر 18 نومبر 2017 کو مس ورلڈ منتخب ہوئیں—فوٹو: اے ایف پی

گزشتہ ہفتے چین میں ہونے والے ’مس ورلڈ 2017‘ کے مقابلہ حسن میں منتخب ہونے والی ’مس ورلڈ‘ منوشی چھلر کو دنیا 18 نومبر سے پہلے نہیں جانتی تھی۔

حیران کن بات یہ ہے کہ 18 نومبر کو ’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے کے بعد بھی دنیا کے کروڑوں لوگ اس لڑکی سے متعلق زیادہ معلومات نہیں جانتے۔

زیادہ تر لوگوں کو بس اتنا پتہ ہے کہ ’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے والی 20 سالہ دوشیزہ منوشی چھلر کا تعلق آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت سے ہے۔

’مس ورلڈ‘ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق منوشی چھلر اس وقت میڈیکل کی طالب علم ہیں،اور وہ میڈیسن اینڈ سرجری میں بیچلرکر رہی ہیں۔

مس ورلڈ کے مقابلے میں118 ممالک کی لڑکیوں نے شرکت کی—فوٹو: مس ورلڈ ویب سائٹ
مس ورلڈ کے مقابلے میں118 ممالک کی لڑکیوں نے شرکت کی—فوٹو: مس ورلڈ ویب سائٹ

مستقبل میں ’کارڈیک سرجن‘ بننے کا ارادہ رکھنے والی منوشی چھلر کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت سے ہے، جہاں وہ 14 مئی 1997 میں پیدا ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی دوشیزہ مس ورلڈ منتخب

’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے والی منوشی چھلر کی پیدائش سے محض 3 سال بعد یعنی سال 2000 میں بھارت کی ہی خوبرو لڑکی ’پریانکا چوپڑا‘ ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئی تھیں، جو بعد ازاں معروف اداکارہ بنیں۔

پریانکا چوپڑا کے ’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے کے 17 سال بعد ہی منوشی چھلر 18 نومبر 2017 کو ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئیں۔

ابتدائی تعلیم مشنری اسکول سے حاصل کرنے والی منوشی چھلر نے میڈیکل کی تعلیم کا آغازاپنے ہی شہر سونی پت کے ’گورنمنٹ بھگت پھول سنگھ میڈیکل کالج‘ سے کیا۔

بیوٹی ود پرپوز میں انہوں نے 4 حسیناؤں کو شکست دی—فوٹو: مس ورلڈ ویب سائٹ
بیوٹی ود پرپوز میں انہوں نے 4 حسیناؤں کو شکست دی—فوٹو: مس ورلڈ ویب سائٹ

مستقبل میں ایک این جی او قائم کرکے بھارت کے دیہی علاقوں میں ہسپتال بنانے کا ارادہ رکھنے والی منوشی چھلر’مس ورلڈ‘ منتخب ہونے سے قبل 25 جون 2017 کو بھارت میں ہونے والے مقابلہ حسن ’مس فیمینا انڈیا‘ کی فاتح بھی قرار پائیں تھیں۔

منوشی چھلر کے والد اور والدہ بھی ڈاکٹرز ہیں، ان کے والد ڈاکٹر مترا باسو چھلر بھارت سرکار کے زیر انتظام چلنے والے ادارے ڈفینس ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ آرگنازئیزیشن‘ میں خدمات سر انجام دیتے ہیں۔

منوشی چھلر کی والدہ ڈاکر نیلم چھلر نئی دہلی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن بہیویئر اینڈ الائیڈ سائنسز میں پڑھاتی ہیں۔

’مس فیمینا انڈیا 2017‘ منتخب ہونے کے بعد ہی ’مس ورلڈ 2017‘ کے مقابلے میں جانے کے لیے ان کی راہ ہموار ہوئی۔

’مس فیمینا انڈیا‘ کے بعد انہیں بھرپور کوریج ملی، جس کے بعد وہ بھارت میں ہونے والی ’مس فوٹوجینک‘ مقابلے میں شریک ہوئیں، جس میں بھی انہیں فتح ملی، اور ان کا اگلا مقابلہ دنیا کی 118 خوبصورت دوشیزاؤں سے تھا۔

جون 2017 میں وہ مس فیمینا انڈیا منتخب ہوئی تھیں—فوٹو: مس ورلڈ انڈیا فیس بک
جون 2017 میں وہ مس فیمینا انڈیا منتخب ہوئی تھیں—فوٹو: مس ورلڈ انڈیا فیس بک

پیراگلائیڈنگ، بنگی جمپنگ، سنورکلنگ اور اسکیوبا ڈائیونگ سمیت آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کی شوقین منوشی چھلر نے ’مس ورلڈ‘ کے طویل مقابلوں میں دنیا کے 118 ممالک کی لڑکیوں کو مسلسل شکست دی۔

منوشی چھلر کارڈیک سرجن بننا چاہتی ہیں—فوٹو: مس ورلڈ انڈیا فیس بک
منوشی چھلر کارڈیک سرجن بننا چاہتی ہیں—فوٹو: مس ورلڈ انڈیا فیس بک

میڈیکل کی طالبہ منوشی چھلر کا آخری مقابلہ انگلینڈ، فرانس، کینیا اور میکسیکو کی حسیناؤں سے تھا، لیکن وہ اس میں بھی سرخرو ہوئیں۔

منوشی چھلرنے 18 نومبر 2017 کو چینی شہر سانیا میں 118 ممالک کی لڑکیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’مس ورلڈ‘ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

انہیں ’مس ورلڈ‘ کا تاج پورٹو ریکو کی حسینہ نے پہنایا، جنہوں نے گزشتہ برس یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

منوشی چھلر بھارت کے دیہی علاقوں میں مفت ہسپتال قائم کرنا چاہتی ہیں—فوٹو: اے پی
منوشی چھلر بھارت کے دیہی علاقوں میں مفت ہسپتال قائم کرنا چاہتی ہیں—فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں