نوجوان امریکی گلوکارہ سیلینا گومز کو امریکی میڈیا گروپ ’بل بورڈ‘ نے ویمن آف دی ایئر 2017 منتخب کرلیا۔

خیال رہے کہ ’بل بورڈ‘ میڈیا گروپ اسی نام سے ہی فیشن اور شوبز میگزین نکالنے سمیت متعدد شوبز اور فیشن ویب سائٹ بھی چلاتا ہے۔

اس میڈیا گروپ کو امریکا کے معروف اور بڑے انٹرٹینمنٹ میڈیا گروپس میں شمار کیا جاتا ہے، یہ گروپ ہر سال ’بل بورڈ ویمن آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی دیتا ہے۔

رواں برس کے لیے اس گروپ نے 25 سالہ خوبرو امریکی گلوکارہ سیلینا گومز کا انتخاب کیا ہے، جو حال ہی میں معروف امریکی جریدے فوربز کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی گلوکاراؤں کی فہرست میں بھی شامل تو ہیں، مگر وہ سب سے زیادہ پیسے کمانے والی 10 گلوکاراؤں میں شامل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ سلینا گومز نیوز کاسٹر بن گئیں

سیلینا گومز کو امریکی ٹی وی ڈزنی پر گلوکاری کرنے سے شہرت ملی، جب کہ وہ کینیڈین نوجوان گلوکار جسٹن بیبر کے ساتھ بھی معاشقے کی وجہ سے خبروں کی زینت رہیں۔

رواں برس ستمبر میں ہی سیلینا گومز نے اپنا گردہ تبدیل کروایا تھا، انہیں گردے کا عطیہ ایک خاتون دوست نے دیا تھا۔

سلینا گومز طویل وقت سے لیپس نامی بیماری کا سامنا کررہی تھیں، جلد کا دق یا لیپس (وہ مرض جس میں جسمانی دفاعی نظام غلطی سے صحت مند خلیات کو دشمن سمجھ کر حملہ آور ہوجاتا ہے) جو کہ جسم کے کسی بھی حصے کو نشانہ بناسکتی ہے جیسے جلد، جوڑ اور دیگر اعضاء وغیرہ۔

مزید پڑھیں؛ سلینا گومز کی تصاویر سب سے زیادہ مقبول

ایسے میں 25 سالہ سلینا گومز کو گردے کی منتقلی کی ضرورت تھی اور اس موقع پر ان کی خاص دوست نے ان کے لیے اپنا گردہ عطیہ کیا۔

اگرچہ کئی عرصے سے ان کا میوزک ایلبم نہیں آیا، تاہم بل بورڈ میڈیا گروپ نے نوجوان گلوکارہ کو ’ویمن آف دی ایئر‘ منتخب کرکے نئی گلوکاراؤں کی حوصلہ افزائی کی۔

ہولی وڈ رپورٹر کی خبر کے مطابق سیلینا گومز کو ’ویمن آف دی ایئر‘ منتخب کیے جانے کا اعلان بل بورڈ میڈیا گروپ کے صدر جوہن اماٹو نے کیا۔

جوہن اماٹو کا کہنا تھا کہ سیلینا گومز نے نہ صرف ہر جگہ نوجوان خواتین کی حوصلہ افزائی کی، بلکہ انہوں نے ہمیشہ انہیں بے خوف ہوکر اپنی آواز اٹھانے کے لیے بھی ہمت دی۔

ہولی وڈ رپورٹر بل بورڈ میڈیا کے صدر کا کہنا تھا کہ سیلینا گومز نے ہمیشہ دوسروں کے لیے آواز اٹھائی، اس لیے ہم اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے انہیں ویمن آف دی ایئر منتخب کرتے ہیں۔

سلینا گومز کو ’ویمن آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ رواں ماہ 30 نومبر کو دیا جائے گا۔

سلینا گومز نے گلوکاری کا آغاز 2012 میں کیا، اور مختصر ہی عرصے میں اہم کامیابی حاصل کی، وہ 2015 اور 2016 کے وسط تک سخت ذہنی دبائو کے باعث منظر عام سے غائب بھی رہیں۔

ماضی میں سلینا گومز کے نوجوان کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، تاہم ان کے درمیان 2015 کے آغاز میں کشیدگی پیدا ہوگئی، اور دونوں نے راستے الگ کرلیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں