وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی ایجنسی شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں موٹرسائیکل دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق میرعلی کے علاقے میں موٹرسائیکل کو آئی ای ڈی کے ذریعے اڑا دیا گیا جس کا نشانہ تین افراد کو پاک فوج میں تربیت کے لیے لے کر جانے والی فوجی گاڑی تھی۔

دھماکے کے نتیجے میں تربیت کے لیے جانے والے تین افراد کے علاوہ دیگر تین افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔

انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جنوبی وزیرستان میں بم دھماکا ہوا تھا جہاں امن کمیٹی کے سربراہ سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:جنوبی وزیرستان: دھماکے میں 5 افراد جاں بحق

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرویکئی روڈ پر اسپن کئی کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔

دھماکے میں امن کمیٹی کے سربراہ ولی جان کا بھائی اور گن مین شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔

قبل ازیں 30 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب اس وقت ہوا جب ایف سی اہلکار پیٹرولنگ میں مصروف تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک ایف سی جوان شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

یاد رہے کہ افغان سرحد سے ملحق فاٹا میں پاک فوج کی جانب سے گزشتہ چند برسوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جا چکا ہے اور کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کردیا گیا۔

پاک فوج کی جانب سے رواں سال جولائی میں خیبرایجنسی میں خیبر فور کے نام سے آپریشن شروع کیا گیا تھا اور آئی ایس پی آر کی جانب سے اس کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں