کراچی کے علاقے برنس روڈ میں گزشتہ روز پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا 10 سالہ بچہ بحفاظت گھر پہنچ گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق بچے کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ 10 سالہ عثمان کو نامعلوم شخص گھر کے قریب چھوڑ کر چلاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ عثمان کو فجر کے وقت گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم شخص گھر کے قریب چھوڑ گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان کو گھر کے قریب چھوڑنے والے شخص نے اہلخانہ سے ملاقات بھی نہیں کی۔

مزید پڑھیں: بچے لاپتہ کیس: آئی جی سندھ اور صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے دس سالہ عثمان کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ نامعلوم شخص عثمان کو چیز دلانے کے بہانے لے کر فرار ہوگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان پر کسی قسم کا تشدد نہیں ہوا اور وہ خیریت سے گھر پہنچ گیا ہے، جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 10 سالہ عثمان مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے صبح 11 بجے گھر سے نکلا جس کے بعد وہ گھر واپس نہیں آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ پاکستانی بچہ ہندوستان پہنچ گیا

تاہم برنس روڈ کے علاقہ مکین 10 سالہ بچے کی گمشدگی پر گزشتہ رات سڑکوں پر نکل آئے اور عثمان کی گمشدگی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

مشتعل مظاہرین نے کراچی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ پر ٹائر جلائے اور سڑک کو بند کردیا تھا۔

اس سے قبل آرام باغ پولیس نے اہلخانہ کے احتجاج پر عثمان کے مبینہ اغواء کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق بچے کا بیان قلمبند ہونے اور طبی معائنے کرانے کے بعد اغواء یا گمشدگی سے متعلق حقائق سامنے آسکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں