کراچی کے علاقے لانڈھی 89 میں ڈکیتی سے مزاحمت کرنے پر فائرنگ سے رینجرز اہلکار جاں بحق اور پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق رینجرز اہلکار کی شناخت عبدالرؤف کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والا پولیس اہلکار کا نام عمر واحد بتایا گیا ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عدیل حسین چانڈیو کا کہنا تھا کہ پولیس کانسٹیبل اور رینجرز اہلکار سادہ لباس میں موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے حملے میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق

ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ ملزمان عمران اور شبیر لوٹ مار کرنے آئے تھے تاہم مزاحمت پر انہوں نے فائرنگ کردی۔

لانڈھی میں مبینہ فائرنگ سے رینجرز اہلکار کے جاں بحق اور پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر وزیرداخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے نوٹس لے لیا۔

وزیر داخلہ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو انکوائری کرتے ہوئے رپورٹ جمع کرانے کے احکامات جاری کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کاروائی پر مشتمل تفصیلات جلد ارسال کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پولیس وین پر فائرنگ سے دو اہلکار زخمی

یاد رہے کہ رینجرز نے کراچی میں ستمبر 2013 میں ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

ان آپریشنز میں اب تک کئی دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جاچکا ہے۔

ان دہشت گردوں کی جانب سے پولیس رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف رد عمل بھی سامنے آتا رہتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 11 ستمبر 2017 کو کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں تلاشی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

23 جون 2017 کو سائٹ ایریا میں ٹارگٹڈ حملے میں 4 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

اس سے قبل 12 جنوری 2018 کو نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں