اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کا جنگی طیارہ ایف 16 شامی فورسز نے مار گرایا تاہم اس میں موجود دونوں پائلٹس کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچادیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ شامی فورسز کی طیارہ شکن توپوں نے طیارے کو شمالی اسرائیل میں نشانہ بنایا جو اپنی حدود کے اندر ہی گر گیا۔

شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق شامی فضائیہ نے ایک سے زائد اسرائیلی طیاروں کو نشانہ بنایا۔

یہ پڑھیں: کیا امریکا، شام میں اعلیٰ روسی فوجی افسران کی ہلاکت میں ملوث؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی طیارے نے شام کے وسط میں قائم بیس پر حملے کی کوشش کی جو کہ ‘نئی جارحیت’ کے مترادف ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا تھا ‘اس کا جنگی طیارہ شام کے اندر اس ایرانی بیس کو نشانہ بنانے والا تھا جہاں سے اسرائیل کے لیے ایک ڈرون چھوڑا گیا تھا۔

اس سے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اپنی سرحد کے اندر ایرانی ڈرون مار گرایا ہے جو شامی سرحد سے داخل ہوا تھا۔

اسرائیل نے ایرانی ڈرون کو ‘ملکی سلامتی’ کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔

بعدِازاں اسرائیل نے شام میں مبینہ ایرانی بیس کو تباہ کرنے کے لیے اپنا جنگی طیارہ ایف 16 روانہ کیا تھا لیکن شامی فورسز کی طیارہ شکن توپوں کی زد میں آکر تباہ ہوگیا جس کی تصدیق اسرائیل نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور شامی بچے کی تصویر دنیا بھر میں پھیل گئی

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیل کی جانب سے شام میں فضائی حملے ہوتے رہے ہیں تاہم یہ پہلی بار ہے کہ کسی اسرائیلی طیارے کو شامی فورسز نے مار گرایا۔

اے پی کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رونن مینیلس نے کہا کہ ‘اس واقعے میں اسرائیل ایران کو براہِ راست ذمہ دار گردانتا ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اسرائیلی حدود کے اندر ایرانی حملہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، ایران خطے کو ایک نئے محاذ پر لے جارہا ہے جس کی اختتامی حد کے بارے میں کوئی کچھ نہیں جانتا اور اس واقعے کے اصل ذمہ دار کو قیمت ادا کرنا پڑے گی’۔

خیال رہے کہ مغربی طاقتیں طویل عرصے سے شامی صدر بشارالاسد کو ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہیں، مغربی قوتوں کے مطابق شامی حکومت نہ صرف لوگوں کو محصور کرکے انسانی آفت کو تقویت بخش رہی ہے بلکہ بشار الاسد کی حکومت لوگوں پر سیاسی جبر بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید پڑھیں: شام کی جنگ : تنازع الجھتا جا رہا ہے

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق شام میں موجود حراستی مراکز میں سال 2011 سے اب تک 17 ہزار لوگ مارے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ شام میں کئی سالوں سے مسلسل خانہ جنگی جاری ہے جس سے سب سے زیادہ معاشی شہر حلب متاثر ہوا۔

ڈھائی لاکھ سے زائد آبادی والے اس شہر میں مسلسل بمباری ہوتی رہتی ہے، جبکہ روسی فوج نے شہر کے مشرقی حصے کو باغیوں سے واپس لے لیا تھا۔

شام کے اس شہر پر مکمل حکمرانی شامی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران صدر بشار الاسد کو روس جیسی عالمی طاقت کے علاوہ ایران، عراق، افغانستان کے علاوہ لبنان کی حزب اللہ کے جنگجوؤں کی مدد بھی حاصل ہے، جبکہ ترکی کے کرد اور سعودی عرب سمیت کچھ خلیجی ریاستیں بشار الاسد کے خلاف ہیں۔

یاد رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے شام کے لاکھوں لوگ اپنی زندگیاں بچا کر یورپ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی جانب سفر کرنے پر مجبور ہیں، اس وقت شامی مہاجرین کا مسئلہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔

علاوہ ازیں جرمنی، برطانیہ، یونان اور ترکی سمیت کئی ممالک کے درمیان شامی مہاجرین کی آباد کاری سے متعلق اختلافات ہیں۔

جرمنی نے سب سے زیادہ شامی مہاجرین کو پناہ دینے کا اعلان کر رکھا ہے، جس وجہ سے جرمن چانسلر اینجیلا مرکل کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں